ڈی چوک پی ٹی آئی مظاہرین سے خالی، علی امین گنڈا پور، بشریٰ بی بی ’مانسہرہ‘ فرار ہونے میں کامیاب
ڈی چوک پی ٹی آئی مظاہرین سے خالی، علی امین گنڈا پور، بشریٰ بی بی ’مانسہرہ‘ میں
پی ٹی آئی مانسہرہ کے ضلعی صدر سردار محمد خان نے بین الاقوامی زرائع ابلاغ کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ’علی امین گنڈا پور اور بشری بی بی گذشتہ رات مانسہرہ باحفاظت پہنچے ہیں۔‘
وزیر اعلیٰ خیبر پحتونخوا اور پاکستان تحریک انصاف کے قافلے کیا قیادت کرنے والے علی امین گنڈاپور اور بشری بی بی اسلام آباد سے مانسہرہ پہنچ گئے ہیں۔
پی ٹی آئی مانسہرہ کے ضلعی صدر سردار محمد خان نے زرائع ابلاغ کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ’علی امین گنڈا پور اور بشری بی بی گذشتہ رات مانسہرہ باحفاظت پہنچے ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’گذشتہ رات مظاہرین کے خلاف آپریشن کے دوران پہلے وہ ڈٹے رہے لیکن بعد میں وہ وہاں سے نکل گئے۔‘
سردار محمد خان نے بتایا کہ دونوں علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی پی ٹی آئی مانسہرہ کے مرکزی سیکرٹیریٹ میں بدھ کو 11 بجے پریس کانفرنس کریں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے ڈی چوک پر کیے گئے آپریشن میں ’گولیاں لگنے سے آٹھ کارکنان جان سے گئے ہیں۔‘
ترجمان پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بدھ کی صبح جاری بیان میں الزام لگایا گیا ہے کہ ’پرامن مظاہرین پر اسلام آباد کی سڑکوں پر گولیوں کی بارش کی گئی اور سینکڑوں نہتے پاکستانیوں کو زخمی کرکے خون میں نہلایا گیا۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ اب تک ’مرنے والے آٹھ کارکنان کے بارے میں علم ہو سکا ہے۔‘
ترجمان پی ٹی آئی نے حکومتی بربریت کی تفصیلات کے سیاسی اور کورکمیٹیز میں تجزیے کے بعد بانی چیئرمین عمران خان کے سامنے رکھنے اور ان کی ہدایات کی روشنی میں آئندہ کے لائحۂ عمل کے اجرا کا اعلان کیا ہے۔
وفاقی حکومت نے اسلام آباد کا ڈی چوک پاکستان تحریک انصاف کے مظاہرین سے خالی کروا لیا ہے جبکہ دارالحکومت کی مرکزی سڑکیں بھی جزوی طور پر کھول دی گئی ہیں۔
اس سے قبل منگل کو پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان ڈی چوک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے تھے جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے ان کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا تھا۔
انڈپینڈنٹ اردو کی ٹیم نے بدھ کی صبح ڈی چوک کا رخ کیا جہاں پاکستان تحریک انصاف کے مظاہرین موجود نہیں تھے تاہم عام شہری ضرور موجود تھے جو اس مقام کا جائزہ لے رہے تھے۔
ڈی چوک پر کنٹینرز سڑک کی ایک سائڈ پڑے تھے تاہم آمد و رفت تاحال بند تھی جبکہ سکیورٹی فورسز کے اہلکار بھی انتہائی کم تعداد میں دکھائی دیے۔
پی ٹی آئی مظاہرین کے خلاف آپریشن، سینکڑوں کارکنان گرفتار: اسلام آباد پولیس
وفاقی دارالحکومت میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مظاہرے کے خلاف آپریشن شروع ہو گیا ہے جس کے بارے میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اب تک پانچ سو پی ٹی آئی کارکنان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
نامہ نگار نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مزید گرفتاریاں کی جا رہی ہیں جبکہ آپریشن میں ڈیڑھ ہزار کے قریب پولیس اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ آپریشن میں رینجرز بھی پولیس کے ہمراہ ہیں۔
پولیس کے مطابق ڈی چوک خالی کرانے کے بعد آپریشن کلثوم چوک بلیو ایریا کے اطراف کیا جا رہا ہے۔
جبکہ سکیورٹی ذرائع کے مطابق مظاہرین سے بلیو ایریا مکمل خالی کرا لیا گیا ہے۔
دوسری جانب سکیورٹی ذرائع کے مطابق سابق خاتون اول بشریٰ بی بی اور وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور ایک ہی گاڑی میں ڈی چوک بلیو ایریا سے نکل گئے جبکہ اسلام آباد پولیس کے سکواڈ نے بشری بی بی کی گاڑی کا تعاقب کیا۔
#پاکستان
#اسلام_آباد
#پاکستان_تحریک_انصاف
#احتجاجی_مظاہرے
#فائرنگ
#شہادتیں
#علاقہ_کلئیر
#گرفتاریاں_جاری