اسلام آباد میں بڑا آپریشن، تحریک انصاف ڈی چوک سے پسپا، بلیو ایریا بھی خالی کرالیا گیا
اسلام آباد میں بڑا آپریشن، تحریک انصاف ڈی چوک سے پسپا، بلیو ایریا بھی خالی کرالیا گیا*
*اسلام آباد بلیو ایریا سے 450 مظاہرین گرفتار، بشری بی بی اور وزیراعلیٰ کے پی کی گرفتاری کا بھی امکان*
*مرکزی قیادت دھرنے کے مقام سے غائب، کریک ڈاؤن کے بعد علاقہ کلیئر، مظاہرین منتشر ہوگئے، پولیس نے گاڑیاں قبضے میں لے لیں*
*بلیو ایریا خالی کرانے کے بعد کوئی آپریشن نہیں کیا جارہا، سیکیورٹی ذرائع: پی ٹی آئی کے مرکزی کنٹینر میں آگ لگ گئی، ڈی چوک سے پسپائی پر کارکن قیادت پر برس پڑے*
رینجرز اور پولیس نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے کارکنوں کو ڈی چوک سے پیچھے دھکیلنے کے بعد بلیو ایریا بھی خالی کرالیا جبکہ متعدد شرپسندوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے، تحریک انصاف کے مرکزی ٹرک میں آگ بھڑک اٹھی، ڈی چوک سے پسپائی پر کارکنان وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا عمر امین گنڈا پور اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب پر برس پڑے۔
ڈان نیوز کے مطابق سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے بلیو ایریا کو شر پسندوں سے خالی کروالیاگیا ہے ، کارروائی کے دوران متعدد گرفتاریاں کی گئی ہیں جبکہ تحریک انصاف کی قیادت کے لیے تیار کیے گئے کنٹینر میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں کنٹینر جل کر خاکستر ہوگیا۔
سیکورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ علاقہ خالی کرانے کے بعد بلیو ایریا میں کوئی آپریشن نہیں کیا جارہا ہے، اطلاعات کے مطابق وزیراعلی خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور اور بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی گاڑیاں خیبر پلازہ کے قریب موجود ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈی چوک سے پسپائی اور گرفتاریوں کے مظاہرین کی گاڑیاں واپس جانا شروع ہوگئی ہیں جبکہ کئی مظاہرین گاڑیاں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
قبل ازیں ڈی چوک سے منتشر کئے گئے مظاہرین نے اطراف کے رہائشی سیکٹرز میں پناہ لے لی تھی، مظاہرین جی سکس، آبپارہ، میلوڈی، جی سیون کے پارکس اور بلیو ایریا کے دائیں طرف درختوں کی اوٹ میں پناہ لیے ہوئے تھے۔
*تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا واٹس ایپ چینل فالو کیجئے*