عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے پردے کے پیچھے سے مختصر خطاب کیا۔

*پشاور: 24 نومبر کے احتجاج پر پی ٹی آئی کا اجلاس، بشریٰ بی بی کا پردے کے پیچھے سے خطاب*
24 نومبر کو احتجاج کے معاملے پر وزیراعلیٰ ہاؤس خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے پردے کے پیچھے سے مختصر خطاب کیا۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ ہاؤس میں اجلاس کی صدارت چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کی، جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور، سینئر رہنما حماد اظہر، شیخ وقاص اکرم، عمر ایوب سمیت 400 افراد شریک ہوئے۔
اجلاس میں پنجاب کے قومی، صوبائی اسمبلی کے اراکین نے بھی شرکت کی۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے پردے کے پیچھے سے مختصر خطاب کیا، بانی پی ٹی آئی عمران خان کے احکامات پربشری بی بی نے لیڈر شپ کو ہدایات پہنچائی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ اہلیہ ہونے کے ناطے بشری بی بی نے پارٹی سے عمران خان کی رہائی سے متعلق بات چیت کی، مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کے احکامات کے مطابق اس بارسخت احتجاج ریکارڈ کیا جائے گا۔
ادھر، حکومت نے پی ٹی آئی کا 24 نومبر کا احتجاج ختم کرانے کے لیے مذاکرات پہلی ترجیح قرار دے دیا، بیرسٹر عقیل ملک حکومتی حکمت عملی بتاتے ہوئے کہا تھا کہ مذاکرات ناکام ہوئے تو پہلے سے زیادہ سخت ایکشن لیا جائے گا۔
*تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا واٹس ایپ چینل فالو کیجئے*