پاکستان نے آسٹریلیا میں 22 سال بعد ون ڈے سیریز جیت کر تاریخ رقم کردی
پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دی اور یوں کینگروز کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر 22 سال بعد ون ڈے سیریز جیت کر نئی تاریخ رقم کردی۔
پرتھ میں کھیلے گئے ایک روزہ سیریز کے آخری میچ میں پاکستانی پیس بیٹری نے کینگروز کی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دیے، قومی ٹیم نے 31.5 اوورز میں آسٹریلیا کے 9 کھلاڑی 140 رنز پر آؤٹ کردیے جب کہ ایک کھلاڑی انجری کی وجہ سے دوبارہ بیٹنگ کے لیے میدان میں نہیں اترے۔
پاکستان نے مطلوبہ ہدف 27 اوورز میں 2 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا، قومی ٹیم کی اوپننگ جوڑی نے ایک بار پھر پر اعتماد انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا اور ٹیم کو 84 رنز کا آغاز فراہم کیا۔
پچھلے میچ میں نصف سنچریاں بنانے والے صائم ایوب نے 42 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ عبداللہ شفیق 37 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کپتان محمد رضوان 30 اور بابراعظم 28 رنز پر ناقابل شکست رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے دونوں وکٹیں لینس موریس نے حاصل کیں۔