گوجرانوالہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تحفظ ماحولیات عوام کو سموگ میں چھوڑ کر خواب خرگوش کی نیند سونے لگی
کینن انٹرپرائزز اینڈ میٹل ورکس کی بھٹیوں سے زہریلا دھواں جاری رہے گا جب کہ تعلیمی ادارے بند رہیں گے کیوں کہ یہ دھواں چھوڑتے ہیں
اہل علاقہ اور گردونواح کے رہائشی سانس، دمہ، پھیپھڑوں، آنکھوں میں چُبن، الرجی اور دل کے امراض جیسے سنگین مسائل میں مبتلا ہونے لگے، وزیرِ اعلیٰ پنجاب سے نوٹس کا مطالبہ
گوجرانوالہ(عظمیٰ شاہین سے) ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تحفظ ماحولیات شہر کو سموگ اور فضائی آلودگی سے پاک اور رہائشی آبادیوں سے صنعتی یونٹس کو باہر منتقل کرنے میں بری طرح ناکام ہو گئی ہے، کینن انٹرپرائزز اینڈ میٹل ورکس اور شیخوپورہ روڈ پر زہریلا دھواں چھوڑنے سے سموگ اور فضائی آلودگی پھیلانے والی متعدد فیکٹریاں، بھٹیاں اور صنعتی یونٹس موجود ہیں، جو سیل ہوتے ہی تھوڑی دیر بعد ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تحفظ ماحولیات کی سرپرستی، لکشمی کی چمک سے ڈی سیل ہو جاتے ہیں، زہریلا دھواں چھوڑنے سے سموگ اور فضائی آلودگی پھیلنے سے اہل علاقہ اور گردونواح رہائشی سخت اذیت میں مبتلا ہونے کے ساتھ ساتھ سانس، پھیپھڑوں، الرجی، دمہ، آنکھوں میں چبن اور دل کے امراض جیسے سنگین مسائل میں مبتلا ہونے لگے ہیں، اہل علاقہ اور گردونواح رہائشیوں کا کہنا ہے کہ بااثر فیکٹری مالکان سے ضلعی انتظامیہ، محکمہ تحفظ ماحولیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور انسپکٹرز جیب گرم کر لیتے ہیں جس کی وجہ سے سنگین مسائل دن بدن بڑھ رہے ہیں، اہل علاقہ اور گردونواح رہائشیوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، ڈی جی ماحولیات، سیکرٹری ہیلتھ سے مطالبہ کی ہے کہ غفلت برتنے والے افسران کے خلاف فوری نوٹس لیتے ہوئے قانونی کارروائی کی جائے، تاکہ پنجاب کی غریب عوام کے ساتھ مستقبل میں ایسا کھلواڑ نہ کیا جائے اور سخت اذیت میں مبتلا اہل علاقہ اور گردونواح رہائشی خوشگوار ماحول میں زندگی بسر کر سکیں.