گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی(گیپکو) میں سبکدوش ہونے والے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران کے اعزاز میں الوداعی تقریب
گوجرانوالہ6 مارچ
(بشیر باجوہ بیو رو چیف پاکستان نیو ز وائس آف کینیڈا)
گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی(گیپکو) میں سبکدوش ہونے والے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران کے اعزاز میں ایک پُر وقار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گیپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین غیاث الدین نے کہا کہ کمپنی کی ترقی کیلئے بابر اقبال کی قیادت میں سبکدوش ہونے والے ممبران بورڈ آف ڈائریکٹرز کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سبکدوش ہونے والے تمام ممبران نے نہایت محنت اور جانشفانی سے اس قومی ادارے کیلئے اپنی گرانقدرخدمات پیش کیں اور گیپکو کے انتظامی اور مالی معاملات کی بہتری میں شاندار کردار ادا کیا۔چیئرمین گیپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز غیاث الدین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اور اُنکی تمام ٹیم گیپکو کی ترقی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی
اور اس اہم قومی اثاثے کی مالی پوزیشن اور امیج کو مزید مستحکم اور شفافیت کے عمل کو مزید بہتر کرنے کیلئے خصوصی پالیسیاں متعارف کروائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا وژن ہے کہ گیپکوکو ناصرف پاکستان بلکہ دُنیاکی بہترین ڈسٹری بیوشن کمپنی بنائیں گے۔ تقریب سے سبکدوش ہونے والے چیئرمین بابر اقبال، گیپکو چیف ایگزیکٹو ہارون الرشید اور ڈی جی ایچ آر اینڈ ایڈمن انور سعید کیلوی نے بھی خطاب کیا ۔مقررین نے اپنے خطاب کے دوران سبکدوش ہونے والے ممبران کی خدمات کو واشگاف الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا اور نئے آنے والے ممبران کیلئے جذبہ خیر سگالی کا اظہار کیا ۔ آخر میں چیئرمین غیاث الدین اور چیف ایگزیکٹو ہارون الرشید نے سبکدوش ہونے والے ممبران بابر اقبال، چوہدری محمد اسحاق اولکھ ایڈووکیٹ اور خواجہ محمد تنویر کو یادگاری شیلڈیں اور پھولوں کے تحائف پیش کئے۔ اس موقع پر ممبران گیپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز ظفر عباس ، محمد انور شیخ، افضال بھٹی، رضوان فیض محمد، خالد اسحاق، فنانس ڈائریکٹر ایاز احمد، چیف انٹرنل آڈٹ یوسف ثانی مرزا، ایڈیشنل ڈی جیز محمد صدیق ملک، اورنگزیب ملہی، مینجر ایڈمن ذیشان ستار و دیگر افسران بھی موجود تھے۔تقریب کی نقابت کے فرائض ڈپٹی مینجر پبلک ریلیشن محمد جہانگیر رانا نے ادا کئے۔