اسلام آباد یونائیٹڈ ایونٹ سے باہر
شارجہ: پاکستان سپر لیگ کے دوسرے پلے آف میں کراچی کنگز نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو 44 رنز سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے دوسرے پلے آف مرحلے میں کراچی کنگز کے بلے بازوں نے ایک بار پھر کراچی کے چاہنے والوں کو مایوس کیا اور کوئی بھی بیٹسمین خاطرخوا کارکردگی نہیں دکھاسکا جس کی بدولت ٹیم صرف مقررہ 20 اوورز میں 126 رنز ہی بناسکے لیکن کراچی کنگز کے بولرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائٹیڈ کی پوری ٹیم کو 82 رنز پر ڈھیر کردیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ڈیون اسمتھ اور آصف علی نے اننگز کا آغاز کیا لیکن اسمتھ صرف 8 رنز بناکر محمد عامر کا نشانہ بنے جب کہ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے بریڈ ہیڈن کو بھی عامر نے تیسری گیند پر ہی بولڈ کرکے واپس پویلین بھیج دیا جس کے بعد آصف نے کپتان مصباح کے ساتھ ملکر اسکور کو آگے بڑھایا لیکن مصباح بھی 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جب کہ شین واٹسن بھی صرف 8 رنز ہی بناسکے۔
61 رنز پر 4 کھلاڑی پویلین جانے کے بعد بظاہر میچ اسلام آباد کے حق میں دکھائی دے رہا تھا لیکن عماد وسیم اور اسامہ میر نے پچ پر ٹرن کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اسلام آباد کے بیٹسمینوں کو نہ صرف پریشان کئے رکھا بلکہ 16 رنز کے فرق سے ان کے 4 کھلاڑی پویلین بھیج کر اسلام آباد یونائیٹڈ کی پریشانی میں مزید اضافہ کیا۔ آصف علی کی مزاحمت بھی 39 رنز پر جواب دے گئی وہ اسامہ میر کا شکار بنے جب کہ شاداب خان اور نیکولس پوران، ایک، ایک جب کہ محمد سمیع بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔
عماد بٹ بھی 7 رنز پر سہیل خان کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے، محمد عامر نے رومان رئیس کو آؤٹ کیا یوں کراچی کنگز نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیتڈ کو 44 رنز سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔ کراچی کنگز کی جانب سے عماد وسیم، محمد عامر اور اسامہ میر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3،3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر عماد وسیم کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹد کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کراچی کے اوپننگ بلے باز کرس گیل اور بابر اعظم نے ٹیم کو 42 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن کرس گیل صرف 17 رنز ہی بناسکے جب کہ بابر اعظم 25 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے کپتان کمار سنگاکارا بھی 17 رنز تک محدود رہے۔ بعد میں آنے والے بیٹسمین سست روی سے بیٹنگ کرتے رہے اور کوئی بھی بلے باز جارحانہ اننگز نہ کھیل سکا، شعیب ملک 25، روی بھوپارا اور عماد وسیم 14،14 جب کہ کیرون پولارڈ صرف 5 رنز بناسکے۔
اسلام آباد کی جانب سے رومان رئیس نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ شین واٹس اور محمد سمیع نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
قواعد کے مطابق پہلے پلے آف کی فاتح کوئٹہ گلیڈی ایٹر براہ راست فائنل تک پہلے ہی رسائی حاصل کرچکی ہے اور اب فائنل کا ٹکٹ کٹانے کے لئے جمعہ کو پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان ٹاکرا ہوگا۔