کمشنر گوجرانوالہ نے خواتین میں گائیں اور بھینسیں تقسیم کیں-
سیالکوٹ یکم مارچ
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس ا ف کینیڈا )
کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کیپٹن(ر) محمد آصف نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا غریب دیہی خواتین میں میرٹ پر گائیں ، بھینسوں ، بھیڑ اور بکریوں کی تقسیم کا پروگرام اس بات کا غماز ہے کہ صوبہ میں ایک بیدار مغز اور درد دل رکھنے والی حکومت ہے جس کا ہاتھ عوام کی نبض پر ہے اور معاشرے کے ہر فرد کی فلاح و بہبود کے بارے میں ناصرف اچھی سوچ رکھتی ہے بلکہ اپنی سوچ کو عملی جامہ پہنانے کی اہلیت اور صلاحیت کی بھی مالک ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواز شریف ہاکی اسٹیڈیم سیالکوٹ کے سبزہ زار میں تحصیل ڈسکہ اور سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والی 252غریب اور بیوہ خواتین میں گائیں اور بھینسیں تقسیم کرنے کے سلسلہ میں محکمہ لائیوسٹاک کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوے کیا۔
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل،اراکین صوبائی اسمبلی رانا محمد افضل، چودھری محمد اکرام، چیئرپرسن ضلع کونسل سیالکوٹ حناء ارشد وڑائچ، وائس چیئرمین رضا سبحانی ڈائریکٹر لائیو سٹاک گوجرانوالہ غلام محمد گل،ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر خلیل، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ شاہد عباس اور ڈاکٹر ندیم حیدر گیلانی کے علاوہ پروگرام سے مستفید ہونے والے خواتین کی کثیر تعداد میں موجود تھی۔
کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کیپٹن(ر) محمد آصف نے کہا کہ حکومت پنجاب کی اس اسکیم سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت صوبے کے تمام علاقوں اور طبقات کو ترقی میں شامل کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ لائیو سٹاک نے یہ اسکیم معاشرے کے سب سے کمزور طبقہ ان خواتین کیلئے تشکیل دی ہے جو مالی مشکلات کا شکار ہیں اور تعلیم اور دیگر سہولیات تک جن کی رسائی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ پروگرام اس طرح سے ترتیب دیا گیا ہے اس سے مستفید ہونے کیلئے خواتین کو کسی دفتر کے چکر نہیں لگانے پڑے اور ہی کسی سفارش کی ضرورت ہے بلکہ حکومت کے اہلکاروں نے مستحقین کی گھر کے دروازے تک پہنچ کر ان تک اس اسکیم کے ثمرات پہنچائے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس اسکیم کا طریقہ کار وضح کرتے وقت اس بات کا خاص خیال رکھا گیا ہے کہ کسی کو اپنا حق لینے کیلئے کسی کے سامنے شرمسار نہ ہونا پڑے۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ بلاوجہ ہر چیز سے منفی پہلو ڈھونڈنے کا رواج ہوگیا ہے اور کسی مثبت اقدام کو بھی سراہا نہیں جاتااوریہ اسکیم اس بات کا ثبوت ہے کہ آج جس صوبے میں آپ رہ رہے ہیں وہاں پر حکومت صرف دعوی نہیں بلکہ عوام دوستی کا عملی ثبوت بھی فراہم کرتی ہے ۔ کمشنر نے گائیں اور بھینسیں ملنے پر خواتین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ اس اسکیم کی کامیابی کا سہراوزیر اعلیٰ پنجاب ، سیکرٹری لائیو سٹاک اور ڈائریکٹرز لائیو سٹاک کے سر جاتا ہے جنھوں نے ایک خوبصورت پروگرام تشکیل دیا۔ تقریب سے خطاب کیا اورچیئرپرسن ضلع کونسل سیالکوٹ حناء ارشد وڑائچ اوررکن صوبائی اسمبلی رانا محمد افضل اس پروگرام کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ ڈائریکٹر لائیو سٹاک گوجرانوالہ غلام محمد گل نے بتایا کہ محکمہ لائیوسٹاک کے زیر اہتمام غریب و دیہی خواتین میں مفت جانوروں کی تقسیم کے تیسرے مرحلے کا آغاز ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پہلے دو مرحلوں میں 10ہزار376بڑے جانور(گائیں اور بھینسیں) اور 10ہزار956چھوٹے جانور(بھیڑ، بکریاں) تقسیم کی جاچکی ہیں جبکہ سیالکوٹ میں 400گائیں ، بھینسیں اور520بھیڑ بکریاں تقسیم جاچکی ہیں اور آج تحصیل ڈسکہ کی 101 اور تحصیل سیالکوٹ 151دیہی خواتین میں کل 252جانور تقسیم کئے جائیں گے جن میں سے 100گائیں اور152بھینسیں ہیں ۔ بعد ازاں کمشنر گوجرانوالہ نے خواتین میں گائیں اور بھینسیں تقسیم کی گئیں۔