افغانستان: پولیس اہلکار نے فائرنگ کر کے 11 ساتھیوں کو قتل کر دیا‘ جھڑپ‘ 6 پاکستانی جنگجو ہلاک
ہلمند (نٰیوز وی او سی آن لائن+آئی این پی)افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند میں واقع ایک چیک پوسٹ پر افغان پولیس اہلکار نے فائرنگ کرکے اپنے 11 ساتھیوں کو ہلاک کردیا ۔ فائرنگ کا واقعہ پیر (27 فروری) کی شب اْس وقت پیش آیا جب صوبہ ہلمند کے دارالحکومت لشکر گڑھ میں افغان پولیس اہلکار اپنی بیرکوں میں سو رہے تھے۔ اپنے ساتھیوں پر فائر کھولنے والے پولیس اہلکار کے طالبان سے روابط تھے، جو اپنے ساتھیوں کو ہلاک کرنے کے بعد تمام اسلحہ اور ہتھیار لے کر فرار ہوگیا۔ خون میں لت پت اہلکاروں کی نعشیں چیک پوائنٹ کے اطراف بکھری ہوئی تھیں۔ متعدد اہلکار ایسے تھے جنہیں بہت قریب سے گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔ پولیس اہلکاروں پر ہونے والے اس حملے کی ذمہ داری صوبے کے بڑے حصے پر قابض طالبان نے قبول کرلی۔ مشرقی صوبہ نورستان میں جھڑپ کے دوران 6پاکستانی طالبان جنگجوئوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔