Draft

کسی کو عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی

۔گوجرانوالہ 25 فروری
(بشیر باجوہ بیوروچیف پاکستان نیوز وائس اف کینیڈا )کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کیپٹن (ر) محمد آصف نے ڈویژن بھر کے تمام ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کڑی نگاہ رکھیں اورگرانفروشی کے مرتکب دکانداروں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائیں‘کسی کو عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹوں کو متحرک کیا جائے جو اپنے اپنے علاقوں کی مارکیٹوں اور دکانوں پر اچانک چھاپے ماریں اور ذخیرہ اندوزی‘ گرانفروشی اور مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داران کو پابند سلاسل کریں۔
یہ ہدایت انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنروں کو جاری کردہ ایک مراسلہ میں جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی فروخت کو مقرر کردہ نرخوں پر یقینی بنایا جائے نیز اشیاء کی قیمتوں کو نمایاں طور پر آویزاں کیا جائے تاکہ شہریوں کو خریدو فروخت میں کسی قسم کی پریشانی کاسامنا نہ کرنا پڑے۔ کمشنر نے مزید کہا کہ اشیاء کی کوالٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز نہیں کیا جائے گا۔ نیز دکانداروں کے اوزان وپیمائش کو بھی چیک کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مجسٹریٹوں کے چھاپوں کی رپورٹ انہیں روزانہ کی بنیاد پر بھجوائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
کمشنر گوجرانوالہ کیپٹن (ر) محمد آصف نے مزید ہدایت کی کہ تجاوزات کے خلاف خصوصی مہم شروع کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ پیدا کرتی ہیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو کہا کہ تاجر تنظیموں کی معاونت سے پلازوں‘ مارکیٹوں اور بازاروں کے علاوہ سبزی و فروٹ منڈیوں میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اہم مارکیٹوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں اور سیکیورٹی گارڈزتعینات کئے جائیں۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ اپنے اپنے علاقوں میں مقامی پولیس کے ہمراہ مارکیٹوں میں حفاظتی اقدامات کوچیک کریں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button