ٹرمپ انتظامیہ نے اہم ترین نشریاتی اداروں کے نمائندوں کو میڈیا بریفنگ سے نکال دیا
واشنگٹن ڈی سی: میڈیا کے ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کا ناروا سلوک شدت اختیار کرتا جارہا ہے اور گزشتہ روز وائٹ ہاؤس کی ایک غیر رسمی بریفنگ سے دنیا کے کئی اہم براڈ کاسٹرز اور اخباری نمائندگان کو نکال باہر کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ’’گیگل‘‘ کہلانے والی غیر رسمی بریفنگ سے پہلے وائٹ ہاؤس کے اہلکاروں نے سی این این، نیویارک ٹائمز، بی بی سی اور دوسرے بڑے میڈیا ہاؤسز کے صحافتی نمائندوں کو باہر نکال دیا جبکہ یہ میڈیا بریفنگ بھی مرکزی پریس روم کے بجائے ایک چھوٹے کمرے میں دی گئی۔
پریس سیکریٹری وائٹ ہاؤس شون اسپائسر نے ان صحافیوں کے نکالے جانے کی کوئی وجہ نہیں بتائی جس پر ایسوسی ایٹڈ پریس، یو ایس اے ٹوڈے اور ٹائم میگزین کے نمائندوں نے بھی اس بریفنگ کا بائیکاٹ کردیا۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ایک تقریر میں میڈیا پر تنقید کی اور کہا کہ ’’جعلی خبریں‘‘ لوگوں کی ’’دشمن‘‘ ہیں جبکہ اس سے قبل انہوں نے سی این این اور نیو یارک ٹائمز کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
دوسری طرف ایک اور تقریب سے خطاب میں ٹرمپ نے میڈیا پر امریکیوں کا دشمن ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ رپورٹرز نامعلوم ذرائع کے حوالے سے خبریں دینے سے گریز کریں۔
امریکی صدرکا یہ بھی کہنا ہے کہ ایف بی آئی ملکی سیکیوریٹی سے متعلق اہم معلومات لیک ہونے سے بچانے کے معاملے میں نااہل ہے۔ ایسی معلومات افشا کرنے والے کوئی اور نہیں خود ایف بی آئی میں موجود ہیں جو میڈیا کو اہم اور حساس معلومات فراہم کررہے ہیں۔