سائنس و ٹیکنالوجی

واٹس ایپ کی آٹھو یں سالگرہ کا صارفین کو نئے فیچر کا تحفہ

سلیکان ویلی: واٹس ایپ نے اپنی آٹھویں سالگرہ کے موقعے پر صارفین کو ایک نئے فیچر کا تحفہ دیا ہے جس کا نام ’’اسٹیٹس‘‘ رکھا گیا ہے۔
واٹس ایپ کے نئے فیچر کے تحت صارفین اپنے دوستوں کے لیے تصاویر، ویڈیوز، گفس، ایموجیز، ڈرائنگز اور کمنٹس وغیرہ پر مشتمل پوسٹیں شیئر کرواسکتے ہیں جو 24 گھنٹے بعد خودبخود ڈیلیٹ ہوجایا کریں گی۔ البتہ یہ فیچر فی الحال صرف اینڈروئیڈ اسمارٹ فونز کے لیے ہے جسے جلد ہی ایپل آئی فون اور ونڈوز اسمارٹ فونز کےلیے بھی پیش کردیا جائے گا۔
اس سے پہلے تک واٹس ایپ کے ذریعے انفرادی یا گروپ ڈسکشن ہی ممکن تھی جبکہ اس میں فیس بُک یا انسٹاگرام کی طرح وسیع تر حلقہ احباب کےلیے پوسٹیں شیئر کرانے کی سہولت موجود نہیں تھی لیکن اب ’’اسٹیٹس‘‘ کے اضافے سے واٹس ایپ بھی دوسری سوشل میڈیا ایپس کے قریب ہوگیا ہے۔
بالکل یہی فیچر سوشل میڈیا ایپ ’’اسنیپ چیٹ‘‘ میں پہلے سے موجود ہے جو ’’اسٹوریز‘‘ کہلاتا ہے اور کہا جارہا ہے کہ واٹس ایپ اسٹیٹس کا خیال بھی اسی سے چوری کیا گیا ہے لیکن واٹس ایپ کے شریک بانی جان کوم کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے واٹس ایپ کی تیاری شروع کی تھی تو ان کے پیش نظر اسی طرح کا فیچر تھا جس پر وہ کام کررہے تھے؛ اور واٹس ایپ ’’اسٹیٹس‘‘ کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے اس خواب کو تعبیر دی ہے جبکہ صارفین کےلیے یہ ایک تحفہ بھی ہے۔
یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اسنیپ چیٹ نے واٹس ایپ اسٹیٹس کو ’’چوری‘‘ قرار دیتے ہوئے واٹس ایپ کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button