ایان علی کے بیرون ملک جانے پر کوئی پابندی نہیں:چیف جسٹس سپریم کورٹ
اسلام آباد(نیوز وی او سی آن لائن)سپریم کورٹ میں ڈالر گرل ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق کیس کی سماعت میں چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ ایان علی کی توہین عدالت سے متعلق درخواست پرفیصلہ دے چکے ہیں،ایان علی کے بیرون ملک جانے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں ایان علی کی توہین عدالت درخواست کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس نے وزارت داخلہ سے استفسار کیا کہ کیا عدالت کے احکامات پرعملدرآمد ہوچکا؟ چیف جسٹس نے حکم دیا کہ ایان علی کے بیرون ملک جانے پر کوئی پابندی نہیں ہے اورتفصیلی فیصلہ بھی جلد آجائے گا۔
انہوں نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کے حکم کے بعد تمام درخواستیں غیر موثر ہوچکی ہیں،اگرہمارے حکم پرعملدرآمد نہ ہوا توہم ہائیکورٹ پرنہیں چھوڑیں گے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا تھا جبکہ وزارت داخلہ کی طرف سے ایسا نہیں کیا گیا جس پر ایان علی کی طرف سے توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی تھی۔