سیشن کورٹ چار سدہ کے گیٹ پر دھماکہ ،4 افراد شہید ،12 زخمی ،سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ ،تین دہشت گرد ہلاک-
چارسدہ (نیوز وی او سی آن لائن )خیبر پختونخواہ کے ضلع چارسدہ میں کچہری کے قریب دو دھماکے سنے گئے ہیں جن کے باعث چار افراد شہید اور12 زخمی ہو گئے جبکہ سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے دو دہشت گرد بھی ہلاک ہو گئے۔ بتا یا جا رہا ہے کہ کچہری کے قریب دھماکے کے بعد دہشت گرد کچہری کے اندر بھی داخل ہوئے ہیں اور دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا بھی سلسلہ جاری ہے ۔ڈی پی او سہیل خالد کا کہنا ہے کہ ایک دہشت گرد نے گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا یا جس کے بعد سیشن کورٹ کی حدود کے اندر دو دہشت گرد داخل ہوئے جنہیں پولیس اہلکاروں نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ۔
تحریک انصا ف کے رہنما شوکت یوسف زئی کا کہنا ہے کہ دھماکے شدید نوعیت کے تھے جن کے نتیجے میں شہادتوں کا بھی خدشہ ہے ۔ادھر صوبائی وزیر صحت شہرام ترکی کا کہنا ہے کہ پشاور اور چارسدہ کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے انتظامات مکمل ہیں ۔
چار سدہ کے علاقے تنگی کے قریب ضلع کچہر ی کے گیٹ پر یکے بعد دیگر دو دھماکے ہو گئے جن کی وجہ سے متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں ۔دھماکے کے بعدد فائرنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ،ضلع بھر کی نفری کو جائے وقوعہ پر طلب کر لیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں ۔نجی نیوز چینل اے آر وائی نیوز کے مطابق دھماکہ خود کش حملہ آور نے کیا ۔دو خود کش حملہ آور ضلع کچہری کے گیٹ پر آئے جن میں سے ایک دہشت گرد کو سیکیورٹی فورسز نے گولی مار کر ہلاک کیا جبکہ دوسرے خود کش حملہ آور نے کچہری میں داخل ہو کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا ۔