بد دیانت امریکی میڈیاسچ چھپارہا ہے ،ڈونلڈ ٹرمپ
فلوریڈا (خبرایجنسیاں) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سب کچھ ٹھیک ٹھاک چل رہا ہے ، مگر بد دیانت امریکی میڈیاسچ چھپارہا ہے ، میڈیا کی اکثریت غلط خبریں،بنائی ہوئی کہانیاں پیش کر رہی ہے ، رپورٹرز اپنے ذرائع سے متعلق جھوٹ بولتے ہیں، ان کا اپنا ہی ایجنڈا ہے ، وائٹ ہاؤس کے معاملات بہترین چل رہے ہیں ، ہماری انتظامیہ ناقابل یقین پیش رفت کر رہی ہے ، جھوٹے اور غلط ایجنڈے کو بے نقاب کرتے رہیں گے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ملکی میڈیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا بددیانت میڈیا سچ کو سامنے نہیں لانا چاہتا ۔ امریکی عدالتی نظام کو نشانہ بنانے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ امریکی میڈیا کے بھی دشمن بن گئے ہیں اور اپنے پے در پے خطابات اور ٹویٹر پیغامات میں میڈیا پر نشتر برساتے نظر آتے ہیں۔ چند روز قبل ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ میڈیا میرا نہیں امریکی عوام کا دشمن ہے اور بددیانتی کا مظاہرہ کر رہا ہے ۔ٹوئٹر پر میڈیا کی تذلیل کے بعد بھی ڈونلڈ ٹرمپ کا دل نہیں بھرا تو فلوریڈا میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میڈیا کی اکثریت غلط اوربددیانتی پرمبنی خبریں پیش کر رہی ہے جبکہ رپورٹرز اپنے ذرائع سے متعلق جھوٹ بولتے ہیں۔ امریکی صدر نے اپنی انتظامیہ میں بدنظمی کے دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ تمام جھوٹی خبروں کے برعکس وائٹ ہاؤس کے معاملات بہترین انداز میں چل رہے ہیں اور ہماری انتظامیہ ناقابل یقین پیش رفت کر رہی ہے ، میڈیا سچ کو سامنے نہیں لانا چاہتا اور اپنی بنائی ہوئی کہانیاں پیش کرتا ہے ، اس کا اپنا ہی ایجنڈا ہے ، ہم میڈیا کے جھوٹے اورغلط ایجنڈے کو بے نقاب کرتے رہیں گے ۔امریکی صدرٹرمپ نے اوباما کیئر کوتباہ کن قراردیتے ہوئے کم لاگت ہیلتھ کیئرپروگرام لانے ، ہزاروں نئی ملازمتیں پیدا کرنے ، دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے وعدے دہرائے ۔ امریکی صدر نے سفری پابندی سے متعلق عدالتی فیصلے کا تمسخر اڑایا اور جج کے ریمارکس سے متعلق لکھا ہوا صفحہ پڑھ کرہوا میں اڑادیا۔انہوں نے ٹرمپ انتظامیہ میں بدنظمی کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وائٹ ہاؤس کے معاملات بہترین انداز میں چل رہے ہیں، خطاب کے دوران صدرٹرمپ نے اپنے ایک حامی کو اسٹیج پر بلایا اوراپنی تعریف سن کرشاباش دی۔عالمی میڈیا نے ٹرمپ کی انتخابی طرز کی ریلی کو کسی بھی امریکی صدر کے ابتدائی دور کاغیرمعمولی واقعہ قراردیا۔