وزیرآباد سے 40 مشتبہ افراد زیرحراست
( نیوز وی او سی آن لائن).لاہور دھماکے کے سہولت کار کے بہنوئی کی گرفتاری کے لیے سی ٹی ڈی اور پولیس نے وزیرآباد میں لنڈا بازار کے قریب کارروائی کی جس کے دوران 40 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق زیر حراست ملزمان سے تحقیقات جاری ہیں،کارروائی لاہور دھماکے میں گرفتار سہولت کار کے بہنوئی عزیزالرحمان کی گرفتاری کیلئے کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عزیزالرحمان لنڈا بازار کے قریب ٹرک اڈے کے اوپر بنے کوارٹرز میں رہائش پذیر تھا،وہ 2003ء میں وزیرآباد آیا،اس نے پہلے رفیع گڈز نامی ٹرک اڈے پر کام کیا بعد میں لنڈا بازار میں جوتوں کی دکان بنالی۔
پولیس کے مطابق عزیزالرحمان نے لاہور دھماکے کے گرفتار سہولت کار انوارالحق کو بھی اپنے پاس بلا لیا،جو اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد کے دفتر کے باہر ریڑھی لگاتا تھا۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ انوارالحق کی گرفتاری کےبعد سے عزیزالرحمان اور رفیع گڈز کا مالک محمد رفیع غائب ہیں، عزیزالرحمان کرائے کے مکان میں رہتا تھا جس کا اندراج تھانہ سٹی میں نہیں ہوا، لنڈابازار کے قریب کوارٹرز میں رہنے والے زیادہ تر افراد درہ آدم خیل کے رہائشی ہیں۔