سیہون شریف میں دھماکے کی شدید ترین مذمت کرتے ہیں
فیصل آباد(نیوز وی او سی آن لائن) سیہون شریف میں دھماکے کی شدید ترین مذمت کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے آج(جمعہ کو ) فیصل آباد سمیت ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کردیا، اہلسنّت کی ہر مسجد میں قتل ناحق اور دہشتگردی کے خلاف خطبات جمعہ دیئے جائیں گے۔
صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل ملک بھر میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ وزیر اعلی سندھ فوری طور پر مستعفی ہوجائیں، ہم لاشیں اٹھا اٹھا کر تھک گئے ہیں ، اسلام میں خودکش حملے حرام، قتل شرک کے بعد سب سے بڑا گناہ اوربدترین جرم ہے، مزاروں، تعلیمی اداروں، مارکیٹوں، پولیس، سرکار ی افسروں اور سکیورٹی فورسز پر حملے فساد ہیں۔انہوں نے کہا کہ بے گناہ انسانوں کا خون بہانے والے اسلام کے سپاہی نہیں اسلام کے غدار اور پاکستان کے باغی ہیں، دہشت گرد فساد فی الارض کے مجرم اور جہنمی ہیں۔