طورخم بارڈر بند، کسی سے رعایت نہیں، خون کے ہر قطرے کا فوری بدلہ: آرمی چیف
راولپنڈی(نیوز وی او سی آن لائن ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ اب کسی سے کوئی رعایت نہیں ہوگی،قوم کے خون کے ہر قطرے کا فوری بدلہ لیں گے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق سیہون شریف میں لعل شہباز قلندر کی درگاہ پر دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ اب کسی کے لیے تحمل کی پالیسی اختیار نہیں کی جائے گی۔ کسی دہشت گرد کے لیے کوئی معافی نہیں۔ فوج مشکل کی اس گھڑی میں قوم کے ساتھ کھڑی ہے ۔ انہوں نے پاک فوج کے جوانوں کو ہدایت کی کہ وہ سیہون میں امدادی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں۔آرمی چیف نے قوم سے اپیل کی کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں تحمل کا مظاہرہ کرے ۔ ملک کی مسلح افواج قوم کے ساتھ کھڑی ہیں ۔ وہ دہشت گرد عناصر کو ان کے عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دینگی۔اس سے قبل مہمند ایجنسی اور باجوڑ میں جوانوں اور عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ پاک فوج نے کہا کہ ملک دشمن ایجنسیز علاقائی امن و استحکام سے کھیلنا بند کردیں ہم اپنی موجودہ برداشت کی پالیسی کے باوجود جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے ہماری زمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ ہو اسکے لئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی ۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دہشت گردافغانستان میں اپنی محفوظ پناہ گاہوں میں دوبارہ منظم ہوکر ہمارے معاشرے میں شکوک و شبہات کو پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں ’ہم سب ملکر ان کوششوں کو ناکام بنائیں گے ’ انہوں نے قبائلی عمائدین کو یقین دہانی کرائی کہ فاٹا کی تعمیر و ترقی بالخصوص سڑکیں ’ تعلیم’ صحت اور کمیونٹی ڈیویلپمنٹ کے منصوبوں کے لئے پاک فوج کوششیں جاری رکھے گی ۔آرمی چیف نے غلانئی دھماکے میں شہید ہونیوالوں کے لواحقین سے ملاقات کی اور ان سے تعزیت کا اظہار کیا ۔دریں اثنائآواران میں پاک فوج کے کیپٹن ،سپاہی کامران ستی اور سپاہی مہتر جان کی بارودی سرنگ کے دھماکے میں شہادت پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے بیان میں کہاکہ کوئی بھی پاکستان کے دفاع کے ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا ۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سری لنکا کے وائس ایڈمرل وجے گونارتنے نے بھی ملاقات کی،ملاقات میں علاقائی سلامتی کے امور پر بات چیت کی گئی۔دریں اثناء ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ افغانستان میں خفیہ ٹھکانوں سے دشمن طاقتوں کی ہدایات پرپاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیاں کی جارہی ہیں ، سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم ملک کا تحفظ کرتے ہوئے ان حملوں کا بھرپور جواب دیں گے ۔دہشتگردوں کو بخشا نہیں جائیگا ۔ادھر پاک فوج نے ملک میں دہشتگردی کی نئی لہرکے باعث پاک افغان بارڈر پوائنٹ طورخم کو بند کردیا، آئی ایس پی آر کے مطابق بندش کا فیصلہ آئندہ احکامات تک برقرار رہے گا۔پیدل اور ہر قسم کی ٹریفک کا داخلہ بھی بند رہے گا ۔ پاک افغان بارڈر پوائنٹ چمن بھی غیر معینہ مدت کے لئے بند کر دیا گیا۔ بی بی سی کے مطابق پاکستان نے افغانستان کے ساتھ سرحد غیر معینہ مدت کیلئے بندکردی۔