جو افسر بجلی چوروں پرایف آئی آر درج نہیں کروائے گا اس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس اف کینیڈا):
گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کے چیف ایگزیکٹو محمد اکرم چوہدری نے کہا ہے کہ جو افسر بجلی چوروں پرایف آئی آر درج نہیں کروائے گا اس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریکوری مہم تیز کریں اور ہفتہ وار چھٹیوں میں بھی سٹاف کی ٹیمیں بنا کر نادہندگان کے خلاف کاروائیاں کریں اور اپنے اہداف حاصل کریں۔اِن خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال اور گجرات سرکل آفسز کی علیحدہ علیحدہ انسپیکشن کے دوران افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر چیف انجینئرز غضنفر عباس رضوی ، محمد ریاض، ایس ایز زاہد جاوید، پرویزاقبال، عبدالرزاق، رفیق اقبال، ڈپٹی مینجر کمرشل میاں محمد عرفان ،پی ایس او محمد آصف قریشی ،سرکلز کے ایکسیئنز،ڈی سی ایمز، ایس ڈی اوز، ریونیو افسرز سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ کمپنی کی کارکردگی خراب کرنے والے اہلکار وں کی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں ہے کوتاہی اور نااہلی کے کلچر کو گیپکو سے ختم کر دیں گے جو اچھا کام کرے گا وہی نوکری میں رہے گا ۔
انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف کاروائی،نادہندگان سے ریکوری اور تصویری میٹر ریڈنگ پر کسی قسم کی کوتاہی قابل برداشت نہیں ہے لہذا ا فسران اپنا قبلہ دُرست کر لیں اوراہداف کے حصول کیلئے کمر کس لیں کیونکہ اہداف حاصل کرنے میں ناکامی پر سخت سزائیں دی جائیں گی۔ چیف ایگزیکٹو چوہدری محمد اکرم نے کہا کہ نادہندگان اور بجلی چوروں کو کیفر کرار تک پہنچا کر دم لیں گے،افسران بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کاروائی کے دوران کسی بھی طرح کی سفارش اور پریشر کو خاطر میں نہ لائیں۔