پانامہ کیس: عمران خان نے اضافی دستاویزات اور بیان حلفی عدالت میں جمع کرا دیا
اسلام آباد: (نیوز وی او سی آن لائن) پانامہ کا ہنگامہ جاری ہے۔ عمران خان کی جانب سے اضافی دستاویزات سپریم کورٹ میں جمع کرا دی گئی ہیں جن میں حدیبیہ پیپر مل آڈٹ رپورٹ، 90ء کی دہائی میں ڈالر کے ریٹ سے متعلق دستاویزات اور قاضی فیملی کے نام کھولے گئے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات شامل ہیں۔ عمران خان کا بیان حلفی بھی اضافی دستاویزات کا حصہ ہے۔
متفرق درخواست میں عمران خان نے کہا کہ قطر کا امیر شیخ حمد بن جاسم پاکستان کے امیر ترین شخص اور اس کے بچوں کی مدد کے لئے آیا ہے، حمد بن جاسم کو اپنے ملک میں مختلف مقدمات کا سامنا ہے، حسین نواز کا انحصار قطری شیخ کے دو خطووط پر ہے جن کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ طارق شفیع نے اپنے دونوں حلفی بیانوں میں غلط بیانی کی۔
عمران خان کی درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ مے فیئر کے اپارٹمنٹس کی خریداری کی بینک ٹرانزیکشنز کا ریکارڈ پیش نہیں کیا گیا، سولیسیٹر لارنس ریڈلے نے الثانی خاندان کے لئے فلیٹس خریدنے کی تصدیق نہیں کی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ نواز شریف کے مطابق لندن فلیٹس جدہ سٹیل مل کی فروخت سے خریدے گئے لہٰذا وزیر اعظم نواز شریف کے بیان کو حسین نواز کے بیان پر فوقیت دی جائے، قطر میں کوئی سرمایہ کاری تھی ہی نہیں تو سیٹلمنٹ کیسے ہو گئی؟ حسین اور مریم نواز کے درمیان بنائی گئی ٹرسٹ ڈیڈ جعلی ہے۔