پاکستان
پاناما کیس کا سیاسی تابوت سپریم کورٹ سے ہی نکلےگا، شیخ رشید
اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پاناما کیس کا فیصلہ اس ہفتے آئے یا اگلے ہفتے لیکن سیاسی تابوت سپریم کورٹ سے ہی نکلے گا۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاناما کیس وہیں پر کھڑا ہے جہاں سے شروع ہوا تھا، شریف خاندان کے وکلا میں سے ایک کہتا ہے جو کرنا ہے کرلو، دوسرا کہتا ہے کہ معاف کردو اور تیسرا کہتا ہے کہ سپریم کورٹ کیس کی سماعت کر ہی نہیں سکتی-
شیخ رشید نے کہا کہ شریف خاندان کے وکیل کہتے ہیں کہ ہمارے پاس منی ٹریل کا ریکارڈ نہیں ہے، اس کا مطلب ہے کہ ان کے پاس پیش کرنے کو کچھ نہیں، عوامی اور سیاسی طور پر ہم یہ کیس جیت چکے ہیں اور قانونی فیصلہ آنا باقی ہے، فیصلہ اس ہفتے آئے یا اگلے ہفتے لیکن سیاسی تابوت سپریم کورٹ سے ہی نکلے گا۔