دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہونے میں صرف دس دن باقی ہیںترجمان تحریک انصاف
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ قطری خط کی کہانی دیو مالائی داستان ہے اور 10 دن میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سماعت کے دوران فاضل جج صاحبان نے حسین نواز کے وکیل سے کہا ہے کہ وہ یہ ثابت کریں کہ ان کے موکل ہی لندن فلیٹس کے بینیفشل آنر ہے، آج پیش کی گئیں دستاویزات سےثابت ہوگیا حسین نوازکمپنیوں کے مالک نہیں، ان کے پاس 2006 کی دستاویزات بھی موجود نہیں، قطری خط کی کہانی دیو مالائی داستانیں ہیں، عدالت میں مضحکہ خیز دلائل پیش کئے جارہے ہیں لیکن 10 دن میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔
پی ٹی آئی ترجمان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی 1983 سے منی ٹریل ہم نے دی جب کہ ن لیگ بہانے بازی سے کام لے رہی ہے، وزیر اعظم کے بیٹوں کے وکیل بھی اپنے دعوے سے پیچھے ہٹ گئے، سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ مریم نوازصرف 4 ماہ ٹرسٹی رہیں جب کہ وزیراعظم کا موقف اوربچوں کا موقف آپس میں نہیں ملتا۔ دانیال عزیز اپنی استطاعت کے مطابق چیلنج کریں، دانیال عزیز صرف فیاض الحسن چوہان سے مناظرہ کرلیں۔