شرجیل میمن کے دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ جاری
کراچی(نیوز وی او سی آن لائن )مقامی احتساب عدالت نے محکمہ اطلاعات کرپشن ریفرنس میں سابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیںجبکہ شرجیل میمن کو اشتہاری قرار دینے کا حکم بھی برقرار رکھتے ہوئے مزید سماعت18فروری تک ملتوی کردی ہے۔منگل کوکراچی کی احتساب عدالت میں محکمہ اطلاعات کرپشن ریفرنس کی سماعت ہوئی۔دوران سماعت سابق وزیر اطلاعات شرجیل میمن کے وکیل نے وارنٹ گرفتاری اور اشتہاری قرار دینے کی کارروائی معطل کرنے کی درخواست دائر کی، جس میں موقف اپنایا گیا کہ ہائیکورٹ کا فیصلہ آنے تک کارروائی روکی جائے۔نیب کے وکیل نے درخواست کی مخالفت کی۔عدالت نے شرجیل میمن کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ کر دیئے جبکہ اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا حکم بھی برقرار رکھا۔ عدالت نے ذوالفقار شلوانی، یوسف کابورو، سارنگ لطیف اور الطاف میمن سمیت دیگر کے خلاف ریفرنس کی مزید سماعت 18فروری تک ملتوی کردی۔