ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کا پاسپورٹ منسوخ کیا جاسکتاہے،حکام
واشنگٹن(صباح نیوز)امریکا کی نئی حکومت نے ٹیکس نا دھندگان کے خلاف بھی سخت ترین پالیسی اپناتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ ٹیکس چوروں کے پاسپورٹس منسوخ کیے جاسکتے ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق امریکی حکومت نے جہاں ایک طرف سات مسلمان ملکوں کے باشندوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کی ہے وہیں امریکی شہریوں کے بیرون ملک سفر پربھی پابندیاں لگانے کی دھمکی دی گئی ہے۔بین الاقوامی اکنامک مشاورتی فرم کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے کے بعد ٹیکس نادہندگان کے خلاف بھی شکنجہ تیار کیا جاسکتا ہے۔لندن میں قائم ڈویرا گرپ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نائگل گرین نے امریکی ٹیکس اتھارٹی کو ملنے والے اضافی اختیارات پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان اضافی اختیارات کے بعد امریکی حکام نے ویب سائیٹ پر پوسٹ ایک بیان میں کیا ہے کہ ٹیکس ادا نہ کرنے والے امریکی شہری کے پاسپورٹ کی تجدید نہیں کی جائے گی۔ اگر کوئی شہری ٹیکس ادا نہیں کرتا تو اس کا پاسپورٹ منسوخ کیا جاسکتاہے۔گرین کا کہنا ہے کہ امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جہاں بیرون ملک سے امریکا کے لیے سفری پابندیوں پر تنقید کا سامنا ہے وہیں اب امریکی شہریوں کو بھی ٹیکسوں کی عدم ادائی پربیرون ملک سفر سے روکا جاسکتا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی حکومت کے پاس ٹیکس جمع کرنے کا ایک ہی طریقہ ہے اور وہ نئی ٹیکس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کرانا ہے۔ ٹیکس حکام کو یہ اختیارات دیئے گئے ہیں کہ وہ ٹیکس چوروں کے پاسپورٹ منسوخ کریں۔ پاسپورٹس کی منسوخ کا قانون FATCA کانگریس نے 2015 میں منظور کیا تھا مگراس قانون پراس کی روح کے مطابق عمل درآمد نہیں کیا جاسکا۔ نئی امریکی انتظامیہ ٹیکسوں کے حوالے سے اس قانون پر سختی سے عمل درآمد کرانے کے لیے پرعزم دکھائی دیتی ہے۔