انٹرنیشنل
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر برائے قومی سلامتی مائیکل فلن عہدے سے مستعفی
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر برائے قومی سلامتی مائیکل فلن مستعفی ہو گئے۔ مائیکل فلن پر الزام تھا کہ ٹرمپ کی حلف برداری سے قبل انہوں نے روسی سفیر کے ساتھ امریکی پابندیوں کے بارے میں بات کی تھی۔ اس حوالے سے امریکی وزارت انصاف نے وائٹ ہاؤس کو متنبہ کیا تھا کہ جنرل فلن روس کی بلیک ملنگ سے متاثر ہو سکتے ہیں۔ جنرل فلن نے ٹرمپ انتظامیہ کو روسی سفیر کے ساتھ اپنی ملاقات کے بارے میں گمراہ کرنے پر نائب صدر سے معافی بھی مانگی ہے۔ ادھر روسی صدر پیوٹن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جنرل فلن کا استعفیٰ امریکہ کا اندرونی مسئلہ ہے۔ اس سے پہلے روسی صدارتی ترجمان نے کہا تھا کہ جنرل فلن اور روسی سفیر نے پابندیاں اٹھانے کے بارے میں کوئی بات چیت نہیں کی تھی۔