پی پی رہنما شوکت بسرابہاولنگر میں فائرنگ سے زخمی، ساتھی جاں بحق
ہارون آباد(نیوز وی او سی آن لائن) پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے جنرل سیکرٹری اور سابق رکن صوبائی اسمبلی شوکت بسرا نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی جبکہ ان کا سیکرٹری جاں بحق ہوگیا ہے۔
پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے جنرل سیکرٹری شوکت بسرا نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہوگئے ہیں جب کہ فائرنگ میں شوکت بسرا کا پی اے جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق شوکت بسرا ہارون آباد میں ریلی میں شرکت کے لئے جارہے تھے کہ راستے میں ان کی سیاسی مخالفین سے تلخ کلامی ہوگئی، جس نے بڑھ کر پہلے ہاتھا پائی اور پھر فائرنگ کے تبادلے کی شکل اختیار کرلی، مخالفین کی فائرنگ سے شوکت بسرا اور ان کا سیکرٹری امتیاز شدید زخمی ہوگیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹرز اسپتال ہارون آباد پہنچایا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے امتیاز دم توڑ گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد اسپتال پہنچ گئی ہے جب کہ علاقے میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش شروع کردی گئی ہے تاہم اب تک مقدمہ درج نہیں کیا گیا اور نا ہی کوئی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے شوکت بسرا پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے واقعے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ اس قسم کے بزدلانہ حملوں سے پیپلز پارٹی کے رہنماوٴں کو ڈرایا نہیں جاسکتا، شوکت بسرا عوام اور جمہوریت کے سپاہی ہیں، شوکت بسرا پر حملہ اور ان کے سیکریٹری کی شہادت کھلی دہشت گردی ہے، اس حملے سے مسلم لیگ (ن) اور ضیا کے حواری بری الذمہ نہیں ہوسکتے، دہشت گردوں کو فوری گرفتار کرکے سزا دی جائے۔