پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا ۔سی پی او گوجرانوالہ
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وی او سی)
گوجرانوالہ (06فروری ) سٹی پولیس آفیسر محمد وقاص نذیر کے احکامات کے پیش نظرایس پیز ڈویژن کی قیادت میں ضلع بھر کی پولیس نے پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران موثر کارروائی کے نتیجے میں43 مقدمات درج کر کے 48ملزمان گرفتار کئے اور ان کے قبضہ سے175کیمیکل ڈور کی گوٹیں اور ایک ہزار سے زائدپتنگیں برآمد۔تفصیلات کے مطابق ضلع بھر میں پتنگ بازی کا سامان تیار کرنے ، فروخت کرنے اور اڑانے والوں کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن کیا گیا اورپولیس ٹیموں کو مناسب ہدایات دے کر اس امر کاپابند کیا گیاکہ وہ پتنگ بازی کے خلاف اس خصوصی آپریشن میں کسی رو رعایت کو ملحوظ خاطر نہ لائیں اور پتنگ بازی جیسے شیطانی فعل میں ملوث اشخاص کے خلاف بلاتفریق قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ایلیٹ کے مسلح دستے ضلعی پولیس کی معاونت کے لئے علاقوں میں گشت کرتے رہے۔سینئیر پولیس افسران نے فیلڈ میں رہتے ہوئے اس آپریشن کی نگرانی کی ۔اس موقع پر سٹی پولیس آفیسرمحمد وقاص نذیر نے ضلع بھر کے تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کوسختی سے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقے میں تا حکم ثانی پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھیں گے۔