چین کا شوکت خانم ہسپتال کے لیے عطیہ
اسلام آباد: وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک نے چینی سفارت خانے جا کر چینی سفیر سے ملاقات کی جس دوران سن وی ڈونگ نے شوکت خانم اور لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے لئے عطیہ کیا گیا ریلیف کا سامان اور آلات ان کے حوالے کیے ۔
تفصیلات کے مطابق چینی سفیر سے ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے چین کے نئے قمری سال کی مبارکباد پیش کی جب کہ ملاقات میں چین اور خیبر پختون خواہ کے درمیان عملی تعاون کے فروغ اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے فریم ورک میں کے پی کے کے منصوبوں پر آپس میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبے کے عوام کا طرز زندگی بہتر بنانے کی غرض سے چینی سفیر نے ریلیف کا سامان اور آلات بھی وزیر اعلیٰ کے حوالے کیے ،جن میں پانی صاف کرنے والے آلات پنکھے، لائٹیں اور جنریٹر وغیر شامل ہے ۔یہ سامان لیڈی ریڈنگ ہسپتال اور شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کے لیے عطیہ کیا گیا ،وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا نے چینی سفارت خانے کی طرف سے اس تعاون کی تعریف کی ۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ خیبر پختون خوا کے لئے خوش حالی لائے گا اور صوبائی حکومت کے پی کے میں سی پیک منصوبوں پر عمل درآمد کے لئے مکمل تعاون اور امداد فراہم کرے گی۔