ترک فضائیہ کی الباب میں بمباری ،داعش کے 51 شدت پسند ہلاک ،مرنے والوں میں دہشت گرد تنظیم کے 4 مقامی امیر بھی شامل
دمشق(نیوز وی او سی آن لائن) ترک فضائیہ کی شام میں بمباری کے نتیجے میں عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کے 51 شدت پسند ہلاک ہو گئے، ترک فضائیہ نے الباب شہر میں داعش کے 59 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، ترک فورسز نے الباب شہر کا کئی ہفتوں سے گھیراؤ کیا ہوا ہے جہاں 5 ماہ سے لڑائی جاری ہے، مرنے والے شدت پسندوں میں 4 نام نہاد امیر بھی شامل تھے ،روسی سفارت خانے پر راکٹ حملہ ،کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا ۔
غیر ملکی میڈیا ’’پریس ٹی وی ‘‘ کے مطابق ترک فضائیہ نے شام کے شہر الباب میں عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کے خلاف فضائی کارروائی کرتے ہوئے 51 شدت پسندوں کو ہلاک اور 56 عمارتیں اور 3 کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر ز بھی تباہ کر دیئے ہیں ، دوسری طرف اتحادی افواج نے بھی داعش کیخلاف 8 فضائی حملے کیے جس میں شدت پسندوں کی 2 گاڑیاں اور 2 دفاعی پوزیشن تباہ ہوگئیں ہیں۔دوسری جانب روس نے کہا ہے کہ دمشق میں اس کے سفارتخانے کو ایک بار پھر راکٹ حملوں سے نشانہ بنایا گیا ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ روسی سفارتخانے پر 2 راکٹ داغے گئے، ایک راکٹ سفارت خانے کے دفتر اور رہائش گاہوں کے درمیان گر کر پھٹا اور دوسرا 20 میٹر دور سفارتخانے کے داخلی راستے میں گرا ہے لیکن کسی بھی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے ۔
اس سے قبل شامی اپوزیشن نے ملک کیلئے روس کی نگرانی میں تیار کردہ نئے دستور پر بحث کو قبل از وقت قرار دیکر پر اس پربات چیت سے انکار کر دیا ہے تاہم شام کی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے چیئرمین کے نام دو الگ الگ خط ارسال کر کے ترک فوج کا غاصبانہ قبضہ ختم کرانے کا مطالبہ کیا ہے جب کہ شام کی وزارت خارجہ نے اپنے خطوط میں عام شہریوں کیخلاف ترکی کے مجرمانہ اقدامات کی بھی شدید مذمت کی ہے۔