شہری سے بھتہ لینے پر وفاقی پولیس کے 3 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج
اسلام آباد (نیوز وی او سی آن لائن) وفاقی پولیس اہلکاروں کے بھتہ خوری میں ملوث ہونے کا انکشاف ہونے پر ایس پی صدر کے حکم پر تین اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق کچھ عرصہ پہلے اسلام آباد کے علاقے شالیمار سے وفاقی پولیس کے تین پولیس اہلکاروں نے ایک شہری کو گرفتار کیا جس کے بعد اس پر رات بھر تشدد کرتے رہے اور دوسرے دن 20 ہزار روپے لے کر چھوڑ دیا۔ سب انسپکٹر اور دو کانسٹیبل گرفتار شخص سے بیس ہزار روپے ماہانہ بھی لیتے رہے لیکن جب شہری میں ان پولیس اہلکاروں کی مانگیں پوری کرنے کی سکت نہ رہی تو وہ درخواست لے ایس پی صدر کے پاس پہنچ گیا۔
ایس پی صدر نے شہری کی درخواست پر سب انسپکٹر شمس اکبر، کانسٹیبل سلیم جعفری اور توقیر کو معطل کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔ معطلی کا حکم نامہ اور مقدمہ کے اندراج کی خبر سامنے آنے پر تینوں پولیس اہلکار روپوش ہوگئے۔