جسٹس شیخ عظمت سعید کی حالت میں بہتری ، ڈاکٹروں نے میڈیکل رپورٹس تسلی بخش قرار دیدیں –
اسلام آباد(نیوز وی او سی آن لائن) ) ادارہ برائے امراض قلب میں زیر علاج جسٹس شیخ عظمت سعید کی حالت میں بہتری ، ڈاکٹروں نے میڈیکل رپورٹس تسلی بخش قرار دیدیں ، تاہم گھر منتقل کئے جانے کا فیصلہ تاحال نہیں کیا گیا ۔ ادھر سپریم کورٹ میں 6 فروری سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے کے دوران مقدمات کی سماعت کے لئے 5 بینچ تشکیل دئیے گئے ہیں جن میں پاناما لیکس کی سماعت کر نے والا لارجربینچ شا مل نہیں تاہم اب ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے مزید ایک ہفتے کے لئے جسٹس شیخ عظمت سعید کو آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے جس کی وجہ سے امکان ہے کہ آئندہ ہفتے پاناما کیس کی سماعت نہیں ہو سکے گی ۔ ذرائع کے مطابق چوتھے روز جسٹس شیخ عظمت سعید کو ہسپتال میں چہل قدمی کرائی گئی ۔ ڈاکٹروں کے پینل نے ان کا معمول کا چیک اپ کیا ، جسٹس شیخ عظمت سعید کے میڈیکل ٹیسٹوں کی رپورٹس تسلی بخش قرار دی گئی ہیں ، انہیں چہل قدمی کی ہدایت کی گئی ہے تاہم تاحال انہیں ہسپتال سے گھر منتقل کرنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا جا سکا ۔