بڑی بڑی باتیں کرنے والے اقتدار میں آ کر اپنے دعوے اور وعدے بھول جاتے ہیں :سینیٹر سراج الحق
لاہور(نیوز وی او سی آن لائن)امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے قوم سے اپیل کی ہے کہ اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پانچ فروری کو لاکھوں کی تعداد میں اپنے گھروں سے نکلیں تاکہ بھارت اور اقوام متحدہ کو یہ پیغام دیا جائے کہ مسئلہ کشمیر کے حل تک پاکستانی عوام چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ جنوبی ایشیاءمیں قیام امن کیلئے ضروری ہے کہ دوایٹمی قوتوں کے درمیان کشمیر کے تنازع کا فوری طور پر پائیدار حل تلاش کیا جائے اور اقوام متحدہ کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کروائے ۔حکومت کشمیر پر عالمی کانفرنس بلائے اور وزیر اعظم اقوام متحدہ کے سیکرٹری اور عالمی رہنماﺅں سے ملاقات کریں اور مسئلہ کشمیر کے فوری حل پرزور دیں-
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئےسینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کبھی بھی حکمرانوں کی ترجیح نہیں بن سکی ،حکمران جب اپوزیشن میں ہوتے ہیں تو کشمیر کے حل کیلئے بڑی بڑی باتیں اور حکومت پر تنقید کرتے نہیں تھکتے مگر جب خود حکومت میں ہوتے ہیں تو تمام وعدے اور دعوے بھول جاتے ہیں اور بھارت کے ساتھ دوستی کی باتیں شروع کردیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکمرانوں کے منافقانہ رویے سے کشمیر ی عوام سخت اضطراب کا شکار ہیں ،کشمیر میں بھارت کی غاصب فوج نوجوانوں کو چن چن کر قتل کررہی ہے اور ہر روز بستیوں سے رات کے وقت گھروں پر چھاپے مار کر نوجوانوں کو اٹھا لیا جاتا ہے اور پھر کسی ویرانے میں فوج کے ساتھ مقابلہ کے رنگ دیکر اسے شہید کردیا جاتا ہے یا کسی عقوبت خانے میں بند کرکے تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے ،بھارتی فوجی نوجوانوں پر مجاہدین سے تعلق کا الزام لگا کر جسے چاہتے ہیں اٹھا لیتے ہیں اور پھر اس کی واپسی کےلئے خاندان سے بھاری رقوم وصول کی جاتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھارت سید علی گیلانی سمیت کشمیری قیادت کو گھروں اور جیلوں میں بند کرکے اور کشمیری عوام پر وحشیانہ مظالم کے باوجود انہیں آزادی کے مطالبے سے روک سکا نہ آزادی کی تحریک کو ختم کر سکا ہے ۔کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑتے ہوئے اپنے نوجوان بیٹوں کی زندگیوں کانذرانہ دے رہے ہیں مگر ہمارے حکمران کشمیر پر بات کرکے مودی کی ناراضگی مول لینے کو تیار نہیں۔






