بارہ سال بعد انٹرنیشنل ٹینس کی واپسی پر پاکستانی پلیئرز نے عمدہ کارکردگی سے جشن منا لیا
اسلام آباد( نیوز وی او سی آن لائن ) ملک میں12سال بعد انٹرنیشنل ٹینس کی واپسی ہوگئی،ٹیم نے عمدہ کارکردگی سے اس کا جشن منا لیا۔
ملک میں 12سال بعد انٹرنیشنل ٹینس مقابلے لوٹ آئے، پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آبادکے ہارڈ کورٹس پرڈیوس کپ ایشیا اوشیانا گروپ ٹو ٹائی کا آغاز ہوگیا،گزشتہ روز پہلے سنگلز میچ میں پاکستان نمبر ون پلیئر عقیل خان نے ایرانی حریف شاہین خالدین کیخلاف3-0 سے کامیابی حاصل کرلی۔
پہلے سیٹ میں عقیل خان کو ایران کے سیکنڈ سیڈ شاہین خالدین کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا لیکن قومی نمبر ون نے ٹائی بریکر پر 7-6(7-1) سے نتیجہ اپنے نام کیا، دیگر دونوں سیٹ میں شاہین زیادہ فائٹ نہ کر پائے اور عقیل نے 6-4 اور 6-2 سے فتح حاصل کرلی۔
دوسرے سنگلز مقابلے میں پاکستان کے انٹرنیشنل ٹینس اسٹار اعصام الحق کا انو شا شاہگولی سے مقابلہ ہوا، اعصام نے مہمان پلیئر کو کوئی موقع دیے بغیر 3-0 سے کامیابی سمیٹ لی،ان کی فتح کا اسکور 6-1، 6-2 اور 6-2 رہا۔ قبل ازیں مقابلوں کا افتتاح وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے کیا۔
ہفتے کو ڈبلز مقابلہ ہو گا، پاکستان کے عابد علی اکبر اور محمد عابد ایرانی البروز اخوان اور حامد رضا ندف سے ٹکرائینگے،5 فروری کو ریورس سنگلزکھیلے جائینگے جس میں عقیل خان کا مقابلہ انوشا شاہگولی سے ہو گا، اعصام الحق اور شاہین خالدین بھی آمنے سامنے آئیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ایران نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پاکستان میں کھیلنے سے انکار کردیا تھا، مگر انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے صورتحال کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے ایونٹ پاکستان میں ہی منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔






