سانحہ کوئٹہ کمیشن رپورٹ، وزرات داخلہ کی رپورٹ کل سپریم کورٹ میں جمع ہو گی
اسلام آباد: (نیوز وی او سی آن لائن) سانحہ کوئٹہ ازخود نوٹس کمیشن رپورٹ پر وزارت داخلہ نے اعتراضات تیار کر لئے۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کمیشن نے سکیورٹی صورتحال بہتر کرنے سے متعلق حقائق جانے بغیر آبزرویشنز دیں جنھیں حذف کیا جائے۔ وزارت داخلہ نے سانحہ آرمی پبلک اسکول اور واہگہ بارڈر سمیت متعدد واقعات سے پہلے سیکورٹی الرٹ جاری کیے۔ جواب میں کہا گیا کہ امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے ملک بھر میں خفیہ اطلاعات پر 7522 جبکہ 1 لاکھ 52 ہزار سے زائد کومبنگ آپریشن کیے گئے۔ ان آپریشن میں 1865 دہشت گرد ہلاک جبکہ 5 ہزار 611 دہشتگرد گرفتار ہوئے۔ وزارت داخلہ نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل کالعدم تنظیم نہیں۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار کو دفاع پاکستان کونسل کے وفد کیساتھ مولانا احمد لدھیانوی کی آمد کا علم نہیں تھا۔ اعتراضات کل سپریم کورٹ میں جمع کرائے جائیں گے۔






