وزیراعظم نے اس بار دھوکا دیا تو پھر جدہ میں بھی جگہ نہیں ملے گی’
پشاور: (نیوز وی او سی آن لائن ) اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی خان نے پشاور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک اور پختون قوم کو بے شمار مسائل درپیش ہیں۔ جن میں سب سے اہم مسئلہ فاٹا کا ہے جہاں کے لوگ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فاٹا کو صوبے میں ضم کر کے قبائلیوں کو صوبائی اسمبلی میں نمائندگی دی جائے۔ اسفند یار ولی خان کا کہنا تھا کہ سی پیک ملک کی تقدیر بدلنے کا منصوبہ ہے اس میں پختونخوا اور فاٹا کو جائز حصہ دیا جائے اور حکومت اس گیم چینجر منصوبے میں ایک روٹ تمام قبائلی علاقوں سے بھی گزارے تاکہ سہولیات سے محروم خطے میں بھی خوشحالی کا دور شروع ہو جائے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ افغانستان اور پاکستان کے مسائل کے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں دونوں ممالک ایک دوسرے کے وجود کو تسلیم کریں اور مل بیٹھ کر تمام مسائل کا حل نکالیں۔






