امریکہ نے ایران پر اقتصادی پابندیاں عائد کردیں
واشنگٹن (نیوز وی او سی آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میزائل تجربہ کرنے پر ایران پر اقتصادی پابندیاں عائد کردی ہیں۔
اے بی سی نیوز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے میزائل تجربے کے رد عمل میں کیے جانے والے ٹویٹ کے ایک ہی روز بعد امریکہ کی وزارت خزانہ نے ایران پر پابندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ امریکہ کی جانب سے عائد کی جانے والی نئی پابندیوں کے باعث ایران کے 13 افراد اور 12 ادارے متاثر ہوں گے۔
واضح رہے کہ ایران کی جانب سے اتوار کے روز 4 ہزار کلومیٹر تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا گیا تھا جس پر امریکہ اور اسرائیل نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا ۔ علاوہ ازیں اقوام متحدہ نے بھی ایران کے میزائل تجربے کی مذمت کی تھی ۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا تھا کہ ایک ایسے وقت میں جب ایران خاتمے کے قریب تھا امریکہ نے اس کی مدد کی اور اسے 150 ارب ڈالر کا ریلیف فراہم کیا لیکن ایران ہماری محنت کو غارت کرتے ہوئے عراق پر تیزی کے ساتھ قبضہ کر رہا ہے جسے روکنا ضروری ہے۔ میزائل تجربہ کیے جانے کے بعد امریکہ کی جانب سے ایران کو سرکاری طور پر نوٹس بھی جاری کیا گیا جس میں پابندیاں لگانے کاعندیہ دیا گیا تھا۔