آزادی کی تحریکوں کو دہشت گردی سے نہ جوڑا جائے, چوہدری نثار
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی نیوز وی او سی آن لائن + خبر ایجنسیاں) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ امریکی صدر کی جانب سے 7 ممالک پر پابندی کے حکم نامے سے مسلم دنیا میں منفی پیغام گیا ہے ۔ صرف سرحدیں بند کرکے خود کو محفوظ نہیں بنایا جاسکتا۔ پاکستان نے خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لئے ہمیشہ زیادہ سے زیادہ لچک دکھائی ہے ۔ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) میں سیمینار سے خطاب کر تے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ دہشت گردی کو کسی مذہب سے جوڑا نہیں جا سکتا۔ ہر داڑھی والے مرد اور حجاب والی عورت کو دہشت گرد نہیں سمجھنا چاہیے ۔ انہوں نے فروری 2015 میں واشنگٹن سربراہ اجلاس کا حوالہ دیا جس میں تمام فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ دہشت گردی کو کسی مذہب سے جوڑا نہیں جا سکتا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنے کیلئے ایک ارب سے زائد مسلمانوں کی حمایت ضروری ہے ۔ مغرب کو اسلامو فوبیا سے نکلنا چاہیے ، ہر معاملے میں اسلام کو موردِ الزام ٹھہرانا کسی طور درست نہیں۔ یہ رجحان ترک کیا جانا چاہیے ۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ نقصان مسلمانوں کو برداشت کرنا پڑا ہے ۔






