کیوبیک سٹی مسجد میں شہید ہونے والوں کی نماز جنازہ

(نصیر احمد ظفر رٰیذیڈنٹ اٰڈیٹر نیوز وی او سی آن لائن) ہزاروں لوگ 2 فروری کو مانٹریال کے ماؤرس رچرڈ ارینا میں کیوبیک مسجد کے تین شہیدوں خالد با لقاسمی، عبد الکریم حسن اور ابوبکر ثابتی کو خراج عقیدت ادا کرنے اور ان کی نماز جنازہ میں شرکت کے لئے اکٹھے ہوئے ۔ اس موقعہ پر سیاسی راہ نماؤں اور مسلم زعماء نے اپنے اپنے خطاب میں اتفاق ، اتحاد اور مذہبی ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر اعظم ٹروڈیو نے کہا کہ آج ان معصوم اور بے گناہ جانوں کے یوں ہم سے جدا ہونے پر ہم افسردہ ہیں اور ہمارے دل غم سے بوجھل ہیں مگر ایک ہی معاشرہ اور ایک ہی ملک کے شہری ہونے کے ناتے ہم متحد ہو کر اس تاریک فضا سے نکلیں گے اور پہلے سے زیادہ متحد ہو کر ابھریں گے۔ تینوں تابوت شہداء کے آبائی ملکوں کے جھنڈوں میں لپٹے ہوئے اور پھولوں کی چادروں سے ڈھکے ہوئے تھے۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد ان میتوں کو ان کے آبائی وطنوں کو روانہ کر دیا جائے گا۔ 44 سالہ ثابتی کا تعلق تیونس سے تھا جب کہ 60 سالہ بالقاسمی اور 41 سالہ حسن الجزائر کے باشندے تھے۔ باقی تین شہیدوں ممدو تانو باری ، ابراہیم باری اور عز الدین صوفیانے کی نماز جنازہ جمعہ کے دن کیوبیک سٹی کے کنونشن سنٹر میں ادا کی جائے گی۔