جان مکین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ یوکرائن کی مدد کریں

واشنگٹن (نیوز وی او سی آن لائن ) امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر جان مکین نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بڑھتے ہوئے روسی حملوں کے تناظر میں یوکرائن کی مدد کرنے کی درخواست کی ہے۔
جان مکین کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ” روس کی جانب سے یوکرائن پر بڑھتے ہوئے حملوں اور ان میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ آپ کو جو اختیارات دیے گئے ہیں ان کو استعمال میں لائیں اور یوکرائن کو اپنے علاقوں کی حفاظت کرنے میں مدد فراہم کریں تاکہ روس کے توسیع پسندانہ عزائم کو خاک میں ملایا جا سکے“۔
دی ہل کی رپورٹ کے مطابق جان مکین نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یوکرائن کے لوگ امریکیوں سے نہیں چاہتے کہ وہ ان کی جنگ لڑیںیہی وجہ ہے کہ یوکرائن کے 10 ہزار کے قریب لوگوں نے اپنے ملک کو متحد اور آزاد رکھنے کیلئے قربانیاں دی ہیں لیکن امریکہ کی بھی قابل فخر تاریخ ہے کہ وہ آزاد لوگوں کو اپنا دفاع کرنے کیلئے مدد فراہم کرتا ہے۔
واضح رہے کہ روس نے 2014 میں فوجی بغاوت کے بعد یوکرائن پر حملہ کرکے اس کے علاقے کریمیا کے اہم حصوں پر قبضہ کرلیا تھا جس کے بعد سے حالات متواتر کشیدہ ہیں۔