کراچی میں پھر خوف کے سائے پھیلانے کی سازش
کراچی (نیوز وی او سی آن لائن ) کراچی میں پھر خوف کے سائے پھیلانے کی سازش کر لی گئی ، متحدہ لندن کے سائوتھ افریقا نیٹ ورک منظم ہونا شروع ہوگیا ۔ ذرائع کے مطابق متحدہ لندن کا سائوتھ افریقہ نیٹ ورک نے بھارتی خفیہ ایجنسی را سے مدد طلب کرلی تاکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو ثبوتاژ کرنے کےلئے منظم طور پر گوادر اورکراچی میں تابڑ توڑ کارروائیاں کی جائیں ، جس کےلئے متحدہ لندن کے کنوینئرندیم نصرت نے سائوتھ افریقہ میں ایم کیوایم عسکری نیٹ ورک سے رابطہ کرلیا ہے ۔ جس کےلئے بھارتی خفیہ ایجنسی را کا تعاون حاصل کرلیا، ادھر گرفتار ٹارگٹ کلر نے انکشاف کیا ہے کہ شہر قائد میں قتل و غارت گری کی بڑی وجہ زمین کے تنازعے اور چائنہ کٹنگ ہے ۔ پے در پے گرفتاریاں اور مقابلوں میں سیکڑوں ہلاکتیں دہشتگردوں کی کمر توڑنے کے دعووں کے باوجود قاتلوں کے حوصلے پست نہ ہوئے ۔ سیاسی جماعت کا بدنام زمانہ سائوتھ افریقہ نیٹ ورک کراچی میں پھر منظم ہونا شروع ہوگیا ۔ ذرائع کے مطابق عابد نامی ٹارگٹ کلر ساؤتھ افریقہ نیٹ ورک کی کمانڈ کر رہا ہے ۔ سترہ شوٹرز پر مشتمل ٹیم شہریوں اور پولیس افسران کو ٹارگٹ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے ۔ دوسری جانب گرفتار ٹارگٹ کلر ذیشان نے سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں ۔ اس نے بتایا کہ شہر میں ٹارگٹ کلنگ زمین کے تنازعے اور چائنا کٹنگ پر ہوئی ، اس کی ہدایات سیکٹر انچارج اسلام فوجی دیتا تھا ۔ ٹارگٹ کلنگ ٹیم میں اسلام فوجی کے علاوہ مناترنگ ، مغیث ، ثاقب بوبی ، علی عرف لاہوتی اور دیگر شامل ہیں ۔ ملزم کے مطابق پیپلز پارٹی سمیت مختلف سیاسی مخالفین کو قتل کیا گیا جبکہ بھتہ نہ دینے پر دستی بم حملے بھی کئے ۔ ہڑتال کامیاب بنانے کیلئے قیمتی املاک کو آگ لگایا کرتے تھے ۔






