لال حویلی کوئی نہیں چھین سکتا: رشید، ہم ثبوت حکومت قطری خط دیتی ہے: قریشی

ساہیوال: ( نیوز وی او سی آن لائن) پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کو لوٹا ہے، پاناما کیس پاکستان کی زندگی اور موت کی جنگ ہے۔ شیخ رشید نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کے فلیٹس پکڑے جاتے ہیں تو کوئی نہ کوئی مدد کو آ جاتا ہے، وزیر اعظم جس دن سچ بولیں گے، اُنکی سیاست کا آخری دن ہو گا۔ شیخ رشید نے الزام لگایا کہ نواز شریف ان سے لال حویلی لینا چاہتے ہیں، انہوں نے اعلان کیا کہ لال حویلی سے صرف ان کی لاش ہی نکالی جا سکتی ہے۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے لیگی وزراء کو آڑے ہاتھوں لیا۔ وائس چیئرمین تحریک انصاف نے پی ٹی آئی کے ریڈار پر آنیوالوں کو سونامی میں بہانے کا دعویٰ بھی کیا، بولے حکمران کچھ بھی کر لیں اگلا میدان تحریک انصاف کا ہو گا۔ پی ٹی آئی رہنماء نے پاناما کیس میں قطری خطوں پر شدید تنقید کی اور قطر والوں کو ایک ہی دفعہ مؤثر چٹھی لکھنے کی تجویز بھی دی۔ جلسے سے جہانگیر ترین اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔