قوم کو گمراہ کرنے کیلئے شریف ٹولہ الیکشن کمیشن کا سہارا لے رہا ہے عمران خان

اسلام آباد (نیوزایجنسیاں، نیوز وی او سی آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ قوم کو گمراہ کرنے کے لیے شریف ٹولہ الیکشن کمیشن کا سہارا لے رہا ہے ، اب قطری لیٹر مارک ٹو آگیا ہے ، جس میں منی ٹریل کیش میں ہے ، اگر خط اصل ہے تو آٹھ ماہ پہلے تین تقریروں میں ذکر کیوں نہیں کیاگیا؟ شکار کی اجازت پر قطری شہزادے کا خط آیا، لگتا ہے یہ تلور کے شکار کے اثرات ہیں، جس طرح سے جھوٹ بولا جارہا ہے اس پر افسوس ہے ، نواز شریف جمہوری آمر ہیں، امیر المومنین بننا چاہتے ہیں،مشرف کی آمریت اور نواز شریف کی نام نہاد جمہوریت میں کوئی فرق نہیں، مجھ پر کیس ہے اشتہاری ہوں ، جہانگیر ترین کے خلاف تحقیقات ہورہی ہیں، شیخ رشید کو لال حویلی سے نکالنے کی کوششیں ہورہی ہیں، ہمارے خلاف انتقامی کارروائیوں پر نواز شریف کو شرم آنی چاہئے ، ان کے دن گنے جا چکے ہیں بہت جلد نشان عبرت بنیں گے ۔ جمعرات کو پاناما کیس کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے دعویٰ کیاکہ ایف بی آر میں دو لوگ دستاویزات تبدیل کررہے ہیں ، قوم جانتی ہے کہ قطری شہزادے کے خط اور شریف خاندان کے موقف کی اصلیت اور حیثیت کیا ہے ، عوام سمجھدار ہیں وہ بہتر طور پر جانتے ہیں کہ اس بہتی گنگا میں ننگے کون ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیر اعظم ہوتے ہوئے نواز شریف نے قوم ، عوام اور عدالت میں جھوٹ بول کر اپنا خود ہی مذاق اڑایا ہے ، وہ دن دور نہیں جب سپریم کورٹ کے فیصلے سے عوام کو انصاف کا قومی حق ملے گا۔ عمران خان نے مزید کہا کہ آئی سی آئی جے کی چیزیں مان لی جائیں تو ان کا کیس صفر ہے ، شریف خاندان نے تین چیزیں پیش کیں، گلف اسٹیل ملز، قطری خط اور ٹرسٹ ڈیل اور یہ تینوں چیزیں جھوٹی ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف کے اپنے نام پر کچھ نہیں جبکہ بچے ارب پتی بن گئے ، سوال یہ ہے کہ بچوں کے پاس پیسہ کہاں سے آیا، کیس میں شریف خاندان کے رشتہ داروں سے سوال پوچھے جا سکتے ہیں اور ان سے انکوائری ہوسکتی ہے جس سے یہ بات سامنے آسکتی ہے کہ یہ پیسہ نواز شریف کا ہے یا ان کے بچوں کا۔ الیکشن کمیشن میں زیر سماعت فنڈز خورد برد معاملے پر عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف عوام کی واحد نمائندہ جماعت ہے جس نے پہلی پولیٹیکل فنڈ ریزنگ کی ، ہمارا فنڈ ریزنگ سسٹم شفاف ہے ، میرا کیس صاف ہے ۔دریں اثنا عمران خان کی بنی گالا میں بین الاقوامی صحافیوں سے ملاقات ہوئی جس میں پاناما لیکس اور ملکی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔عمران خان نے کہا کہ پاناما کیس اہم ترین مرحلے میں داخل ہوچکا ہے ۔