چیف جسٹس ثاقب نثار کی مزار قائد پر حاضری ،فاتحہ خوانی کی

کراچی ( نیوز وی او سی آن لائن) ، جمعرات کو چیف جسٹس ثاقب نثار سپریم کورٹ کے جسٹس امیر ہانی مسلم کے ہمراہ بابائے قوم کے مزار پر پہنچے اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر انہوں نے فاتحہ خوانی کی اور مزار قائد پر رکھی کتاب میں اپنے تاثرات بھی تحریر کیے ۔ بعد ازاں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ان کے لیے یہ ایک اعزاز کی بات ہے کہ انہیں بابائے قوم کو خراج تحسین پیش کرنے کا موقع ملا، اللہ تعالیٰ ہمیں طاقت اور صلاحیت دے کہ ہم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے فرمودات اور بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق پاکستان کو آگے لے کر چلیں۔ دریں اثنا چیف جسٹس میاں ثاقب نثار گورنر ہاؤ س گئے ، جہاں انہو ں نے سابق گورنر سندھ جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی کے انتقال پر ان کے صاحبزادے افنان صدیقی سے اظہار تعزیت کیا ۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی ماہر قانون دان اور سچے پاکستانی تھے ۔