فلسطینی علاقوں میں یہودی آباد کاری صہیونی جارحیت ہے ،عرب لیگ

صہیونی ریاست کا یہودی آباد کاری کا سلسلہ جاری رکھنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے قاہرہ(اے این این) عرب لیگ نے فلسطین کے علاقوں مقبوضہ بیت المقدس اور غرب اردن میں اسرائیل کی جانب سے یہودی آباد کاری کے تازہ منصوبوں کے اعلان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے یہودی توسیع پسندی کو امن مساعی کی تباہی کی کوشش قرار دیا ہے ۔ فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق قاہرہ میں عرب لیگ کے صدر دفتر سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینی عرب علاقوں میں اتوار کے بعد تین ہزار نئے مکانات کی تعمیر کا اعلان کھلی جارحیت اور امن و امان کے قیام کی کوششوں کو تباہ کرنے کی سازش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی علاقوں میں یہودی آباد کاری صہیونی ریاست کی ننگی جارحیت ہے ، اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ صہیونی ریاست کی جانب سے ڈھٹائی اور ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہودی آباد کاری کا سلسلہ جاری رکھنا عالمی قوانین اور بین الاقوامی قرار دادوں کی صریح خلاف ورزی ہے ۔ عرب لیگ نے فلسطین میں اسرائیل کی غیرقانونی آباد کاری روکنے کیلئے سلامتی کونسل سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی سلامتی کونسل تنازع فلسطین کے دوریاستی حل کیلئے اپنی قراردادوں پرعمل درآمدیقینی بنائے۔خیال رہے کہ اسرائیلی حکومت نے مقبوضہ غرب اردن کے علاقوں میں یہودی آبادکاری کیلئے2500نئے مکانات کی تعمیر کااعلان کیاتھا۔قبل ازیں اتوار کو اسرائیلی بلدیہ کی طرف سے شہر میںتین بڑی یہودی کالونیوںمیں566مکانات کی تعمیر کی منظوری دی گئی تھی۔