پاکستان کا الطاف حسین کے خلاف کیس ختم کرنے پر برطانیہ سے تشویش کا اظہار
اسلام آباد: پاکستان نے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے خلاف لندن میں منی لانڈرنگ کیس ختم ہونے پر خط کے ذریعے برطانوی حکومت سے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان نے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے خلاف لندن میں منی لانڈرنگ کیس ختم ہونے پر برطانیہ کو خط لکھا ہے جو وزارت داخلہ کی جانب سے باضابطہ طور پر برطانوی حکومت کو بھجوادیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے بھیجے گئے خط میں لندن میں الطاف حسین کے خلاف منی لانڈرنگ کیس ختم ہونے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
پاکستان نے خط میں برطانوی حکومت سے الطاف حسین کے خلاف مقدمات ختم کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے جب کہ خط میں الطاف حسین کے خلاف پاکستان میں چلنے والے مقدمات اور عمران فاروق قتل کیس سے متعلق کہا گیا ہے کہ ان مقدمات میں پیشرفت کے لیے برطانیہ پاکستان کے ساتھ شواہد کا تبادلہ کرے بصورت دیگرعدم شواہد کی بنا پر ان مقدمات کو آگے بڑھانا ناممکن ہوجائے گا۔