عاطف اسلم نے بھرے شو میں لڑکی کی عزت بچالی
دبئی سٹی (ڈیلی پاکستان آ ن لائن) خواتین کے خلاف جرائم پوری دنیا میں ہی پائے جاتے ہیں جہاں اکیلی خاتون کیلئے اپنے آپ کو بچانا بہت ہی مشکل کام ہوتا ہے لیکن بعض اوقات جنسی درندوں کے جھنڈ کو روکنے کیلئے کوئی نہ کوئی شخص ہیرو بن کر ابھرتا ہے اور خاتون کو عمر بھر کی رسوائی سے بچالیتا ہے۔ ایسا ہی کچھ دبئی میں بھی ہوا جہاں پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے اپنے میوزک کنسرٹ کے دوران ایک لڑکی کی عزت بچا کر لوگوں کی نظروں میں اپنی عزت بڑھالی۔
دبئی میں عاطف اسلم کنسرٹ کر رہے تھے کہ اسی دوران بہت سے نوجوان سٹیج کے قریب چلے آئے اور انہوں نے ایک لڑکی کو دیکھ کر جنسی درندوں کا روپ دھار لیا۔ یہ جنسی درندے لڑکی کو ہراساں کر رہے تھے کہ اسی دوران سٹیج پر گانا گاتے ہوئے عاطف اسلم کی نظر اس جگہ پر پڑ گئی ۔ انہوں نے فوری طور پر گانا روک دیا اور اپنے بینڈ کے ارکان کو موسیقی بجانے سے منع کردیا اور لڑکوں کو شرم دلائی ۔ عاطف اسلم نے لڑکوں کو کہا کہ ”کچھ شرم کرو، یہاں تمہاری ماں ، بہن بھی ہوسکتی ہے“۔ اس کے بعد گلوکار نے اپنے ساتھیوں کو کہا کہ اس لڑکی کو سٹیج پر بلالیا جائے ۔ عاطف اسلم کے دو ساتھیوں نے آگے بڑھ کر لڑکی کو ہاتھوں سے پکڑ کر سٹیج کے اوپر کھینچا اور اسے بحفاظت بیک سٹیج پہنچادیا۔