چین کی مصنوعی جزائر تک رسائی کو روکنے کی کوشش کی گئی تو جنگ ہوگی،چینی اخبارات نے امریکہ کو خبر دار کردیا
بیجنگ (میوز وی او سی آن لائن)چینی سرکاری اخبارات نے خبردار کیا ہے کہ چین کی مصنوعی جزائر تک رسائی کو روکنے کی کوشش کی گئی تو جنگ شروع ہوجائے گی،اس سے تباہ کن نتائج سامنے آئیں گے جبکہ ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ چین کو اپنے علاقوں میں ہر کارروائی کا حق ہے۔
چینی اخبارات گلوبل ٹائمز اور چائنا ڈیلی نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ نے ایسا کرنے کی کوشش کی تو اس سے ایک خوفناک جنگ شروع ہو سکتی ہے،اگر جنگ ہوئی تو اس کے تباہ کن نتائج سامنے آئیں گے۔
گلوبل ٹائمز نے اپنے اداریے میں خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ نے بحیرہ جنوبی چین میں جزائر تک چین کی رسائی کو روکنے کی کوشش کی تو اس سے خوفناک جنگ جنم لے گی، ریکس ٹلرسن نے یہ بیان اس لیے دیا کہ سینیٹرووں کو خوش کر کے اپنی نامزدگی کی توثیق کرو ا سکیں، چین اس کو یقینی بنائے گا کہ ان کی جنگجوانہ باتوں کو عملی شکل نہ دینے دے۔ اگر امریکہ سمجھتا ہے کہ وہ باقاعدہ جنگ کے بغیر ہی چین کی بحیرہ جنوبی چین کے جزائر تک رسائی روک سکتا ہے تو یہ اس کی خام خیالی ہے۔
چائنا ڈیلی نے کہا کہ ریکس ٹلرسن کا بیان نامزد وزیر خارجہ کی چین۔امریکہ تعلقات کی باریکیوں اور سفارت کاری میں ان کی ناتجربہ کاری کی غمازی کرتا ہے، ایسے بیانات نامزد وزیر خارجہ کی سادگی، کوتاہ نظری، گھسے پٹے تعصبات اور غیر حقیقی سیاسی خوابوں کا ایک مجموعہ ہے جسے زیادہ سنجیدگی سے لینے کی ضرورت نہیں ہے،گر امریکہ نے حقیقت میں ان خیالات کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کی تو اس کے بھیانک نتائج برآمد ہوں گے۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لوگانگ نے کہا کہ چین کو اپنے علاقوں میں ہر کارروائی کا حق ہے، امریکہ کے نامزد وزیر خارجہ کے بیان پر ردعمل ظاہر کرنے لیے کہا گیا تو انھوں نے کہا کہ وہ مفروضوں پر مبنی سوالوں کے جواب نہیں دیں گے۔