داعش کے خلاف عالمی اتحاد کا اجلاس آج سعودی عرب میں ہوگا،14 ممالک کے چیف آف جنرل سٹاف شرکت کریں گے
ریاض (ڈیلی پاکستان آن لائن) شدت پسند تنظیم داعش کے خلاف بننے والے بین الاقوامی اتحاد کے 14 ممالک کے چیف آف جنرل سٹاف سعودی دار الحکومت ریاض میں ملنے جا رہے ہیں ۔ اس اجلاس میں باہمی اتحاد کی فضا قائم کرنے کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔
العربیہ کے مطابق اس اجلاس میں سعودی عرب ، امریکہ، اردن، متحدہ عرب امارات ، بحرین، ترکی، تیونس ، عمان، قطر، کویت ، لبنان، ملائیشیا ، مراکش اور نائجیریا کے چیف آف جنرل سٹاف شرکت کریں گے۔ اجلاس میں داعش کے خلاف کارروائیاں موثر بنانے اور اسے ختم کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
سعودی چیف آف جنرل سٹاف عبدالرحمان بن صالح البنیان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب دہشتگرد تنظیموں اور خطے کے امن کیلئے خطرہ بننے والے عناصر کے خاتمے میں تمام عالمی قوتوں کے شانہ بشانہ ہے۔ وزیر دفاع محمد بن سلمان کی زیر صدارت ہونے والا اجلاس اس بات کا مظہر ہے کہ سعودی عرب دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بین الاقوامی برادری کے شانہ بشانہ ہر طرح کے اقدامات اٹھانے کیلئے تیار ہے۔
واضح رہے کہ 2014 میں داعش کے خلاف قائم ہونے والے عالمی اتحاد کے بعد سے اب تک عراق میں امدادی سرگرمیوں کیلئے سعودی عرب 500 ملین ڈالر کی رقم فراہم کرچکا ہے۔ جبکہ سعودی عرب نے اتحادیوں کے ہمراہ داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں میں بھی ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔