انٹرنیشنل

ہیکنگ نے انتخابات کے نتائج کو اثرانداز نہیں کیا، ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ

نیویارک: امریکی نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ بیرونی طاقتوں کی جانب سے کی جانے والی ہیکنگ انتخابات کے نتائج پراثرانداز نہیں ہوئی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تین خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے ہیکنگ سے متعلق جاری کردہ رپورٹ کے بعد انہوں نے ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس، سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی، فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن اور نیشنل سیکیورٹی ایجنسی کے سربراہان سے ملاقات کی اور ہیکنگ کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا جس کے بعد ٹرمپ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ بیرونی طاقتوں کی جانب سے کی گئی ہیکنگ کے صدارتی انتخابات کے نتائج پر کوئی اثر نہیں پڑا جب کہ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ڈیموکریٹک پارٹی نے ہی روسی ہیکرز کو اپنے کمپیوٹرز ہیک کرنے کا موقع فراہم کیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ روس، چین اور دیگر ممالک اور لوگ امریکا کے سرکاری اداروں، کاروبار اور تنظیموں کی ہیکنگ میں مصروف ہیں یہاں تک کہ ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی کے سائبر انفرااسٹرکچر کو توڑنے کی کوششوں میں مصروف ہیں تاہم مجھے یقین ہے کہ صدارتی انتخابات کے دوران ہونے والی ہیکنگ کے نتائج پر کوئی اثر نہیں پڑا۔
دوسری جانب امریکی خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روسی صدر ولادی میرپیوتن نے صدارتی انتخابات پر اثرانداز ہونے کے احکامات جاری کئے جس کے لئے سائبر حملے کرنے کے علاوہ سوشل میڈیا صارفین کو معاوضہ دے کر انہیں استعمال کیا گیا اور ایک منظم طریقے سے ایک جماعت کو فائدہ پہنچانے کے لئے سرکاری ملازمین، تھنک ٹینک اور این جی اووز کا سہارا لیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button