مولانا فضل الرحمان اسپتال سے ڈسچارج، وزیراعظم کا سربراہ جے یو آئی (ف) کوفون
لاہور: جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ کو اسپتال سے ڈسچارج کردیا ہے تاہم وہ 2 روز بعد دوبارہ اسپتال میں ڈاکٹروں سے معائنہ کرائیں گے۔
مولانا فضل الرحمان کو3 روزقبل لاہورکے نجی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں ان کے پتے کا آپریشن ہوا تھا۔ طبعیت میں بہتری پرماہرڈاکٹروں کی ٹیم نے انہیں اسپتال سے ڈسچارج کردیا ہے تاہم انہیں دو روز بعد دوبارہ بلایا گیا ہے تاکہ آپریشن کے بعد ہونے والی پیش رفت سے آگاہی حاصل کی جاسکے۔
دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف نے مولانا فضلا الرحمان سے ٹیلی فون پر خیریت دریافت کی اور کہا کہ ان کی اچھی صحت قوم اورہمارے لیے بہت ضروری ہے، جس پرجے یو آئی (ف) کے سربراہ نے خیریت دریافت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اللہ کا شکر گزار ہوں کہ آپریشن کامیاب رہا ہے اور وہ خود کو بہتر محسوس کررہے ہیں۔
اس سے قبل اسپیکرقومی اسمبلی سردارایاز صادق نے بھی اسپتال میں مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی اور ان کے صھت سے متعلق نیک خواہشات کا اظہارکیا۔